خبرنامہ پاکستان

حکومت نےگھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کم کردی:عابد شیر

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ حکومت اٹھارہ گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ کو کم کرکے 6 گھنٹوں پر لے آئی ہے ماضی کی حکومتوں کا لوڈشیڈنگ کا عذاب آئندہ سالوں میں ختم ہو جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی طرح سستے بازار لگائیں تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے ۔منگل کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کی حکومت توانائی کے بحران کے حل کے لئے ہنگامی بنیادوں پر کام کررہی ہے ملک بھر میں توانائی کے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے موجودہ حکومت لوڈشیڈنگ کو اٹھارہ گھنٹوں سے کم کرکے چھ گھنٹوں پرلے آئی ہے رمضان المبارک کے مقدس ماہ میں وزیراعظم کی ہدایت پر افطار اور سحری کے اوقات میں لوڈشیڈنگ 85 فیصد علاقوں میں نہیں کی جارہی۔ وزیرمملکت نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں کا لوڈشیڈنگ کاعذاب آئندہ چند سالوں میں ختم ہو جائے گا ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان کو شہباز شریف کی طرح سستے رمضان بازار لگانا چاہئیے تاکہ غریب لوگ ان سستے بازاروں سے مستفید ہو سکیں۔