خبرنامہ پاکستان

حکومت نے عوام سے کیا ایک وعدہ بھی پورا نہ کیا ، بچہ بچہ مقروض ہو گیا: سراج الحق

کراچی:(آئی این پی)جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کرپشن کی وجہ سے پاکستان کا ہر بچہ مقروض ہے۔ پاکستان کے 375 ارب ڈالر، 2کھرب 50 ارب روپے کرپٹ لیڈرز نے دبئی منتقل کئے۔ دبئی میں اربوں روپے کی پراپرٹی پاکستانیوں کے پیسے سے خریدی گئی ہے۔ ہم 26 مارچ کو لاہور‘ 18 مارچ کو حیدرآباد میں ناموس رسالتؐ مارچ کریں گے۔ مغرب نواز پالیسیاں بنانے والوں کے ایجنڈے کو پاش پاش کر دیں گے۔ کراچی میں تحفظ رسالت مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے پیسے سے ملائیشیا، امریکہ، برطانیہ میں پراپرٹی خریدی گئی، ہم نے کرپشن فری پاکستان تحریک شروع کی۔ اس تحریک سے ہم پاکستان کا پیسہ لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی دفعات معاشی دہشت گردوں پر بھی لگنی چاہئیں۔ حکومت کی معاشی پالیسیاں ناکام ہو گئی ہیں۔ خون کے آخری قطرے تک ملک کے اندر نظام مصطفی ؐ کے لئے جدوجہد کریں گے، بد امنی، بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کی کوشش کریں گے اور قائداعظم کے وعدے کے مطابق ملک کو مدینہ منورہ جیسی ماڈل اسٹیٹ بنائیں گے۔ عظیم الشان مارچ ایک امید کی کرن ہے اور عوام نے ثابت کردیا ہے کہ وہ امریکہ کے ایجنٹوں کے ساتھ دو دو ہاتھ کرنے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا ممتاز قادری کو پوری امت سلام پیش کرتی ہے کہ انہوں نے اپنی جان دے کر تاریخ رقم کی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت مالی‘ اخلاقی اور نظریاتی کرپشن میں ملوث ہے۔ تبلیغی جماعت پر پابندی لگائی جا رہی ہے جو نیکی کا پیغام پھیلاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم خون کے آخری قطرے تک ملک کے نظام مصطفی کے لئے جدوجہد کریں گے۔