خبرنامہ پاکستان

حکومت پاکستان برطانیہ کے ساتھ تجارت ، سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے..وزیر اعظم

وزیراعظم محمد نواز شریف کی سبکدوش ہونے والے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے الوداعی ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد ۔ 9 فروری (اے پی پی) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت برطانیہ کے ساتھ بالخصوص دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کو بہت زیادہ اہمیت دیتی ہے۔انہوں نے یہ بات پاکستان میں سبکدوش ہونے والے برطانوی ہائی کمشنر فلپ بارٹن سے منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں الوداعی ملاقات میں کہی ۔وزیراعظم نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں فلپ بارٹن کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر فلپ بارٹن نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ برطانیہ کے قریبی دوستانہ تعلقات استوار ہیں اور وہ دونوں ممالک کو قریب تر لانے میں برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری کے کردار کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ قومی ترقی میں پاکستانی برادری کے کردار کو بھی تحسین کی نظر سے دیکھتا ہے۔