خبرنامہ پاکستان

حکومت کا اوورسیزپاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد:(ملت آن لائن) حکومت نے اوورسیزپاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، وفاقی حکومت آج”نیا پاکستان کالنگ”منصوبے کا آغاز کرے گی، پروگرام کے تحت شعبے کے ماہر کی خدمات درکار ہوں گی، اسے وطن واپس بلایا جاسکے گا۔

تفصیلات کے مطابق بیرون ملک پاکستانی ڈاکٹر، انجینئر، پروفیسر اور آئی ٹی ایکسپرٹس کے لیے خوشخبری آگئی ، حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا بیرون ملک پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے حکومتی منصوبہ بندی مکمل کرلی ہے۔

وفاقی حکومت آج”نیا پاکستان کالنگ”منصوبے کا آغاز کرے گی، پروگرام کے تحت مختلف شعبوں کے ماہر اوورسیز ڈیٹا جمع کراسکیں گے جبکہ تعلیمی قابلیت، کسی بھی شعبے میں تجربے کی مدت اور دیگر ریکارڈ جمع ہوگا، جس کے بعد ریکارڈ وزارت اوورسیز پاکستانیوں کی ویب سائٹ پر بھیجا جاسکے گا۔

وزارت تمام اوورسیز پاکستانیوں کا ریکارڈ ویب سائٹ پر رکھے گی، جس شعبے کے ماہر کی خدمات درکار ہوں گی، اسے وطن واپس بلایا جاسکے گا اور اوورسیز ماہرین سے حکومتی اور نجی ادارے استفادہ کرسکیں گے۔

یاد رہے اکتوبر میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئےاسپیشل پیکج کااعلان کرنے والے ہیں،ہر طرح کی رکاوٹ ختم کریں گے تاکہ ترسیلات زرمیں اضافہ ہو اور اوورسیز پاکستانیوں کو ملک پہنچنے پرامیگریشن دشواری ختم کریں گے، مشن ہے اوورسیز پاکستانیوں کی دیکھ بھال بہتراندازمیں کریں گے۔

بعد ازاں اسلام آباد میں وزارت اوورسیز کے حکام کے اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے متعلق اہم فیصلے کرتے ہوئے بیرون ملک مقیم پاکستانی محنت کشوں کو سہولتیں دینے کا اعلان کیا تھا۔

اجلاس میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کا جامع ریکارڈ ترتیب دینے کا بھی فیصلہ کرتے ہوئے نادرا اور وزارت اوورسیز کے حکام کو مذکورہ ریکارڈ ترتیب دینے کا عمل شروع کرنے کی ہدایت کردی گئی تھی۔