خبرنامہ پاکستان

حکومت کا متحدہ قائد کی برطانیہ سےحوالگی کا مطالبہ نہ کرنےکا فیصلہ

اسلام آباد: (آئی این پی) حکومت نے برطانیہ سے ایم کیو ایم قائد کی حوالگی کا مطالبہ نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ قائد ایم کیو ایم کے خلاف میڈیا ہاؤسز پر حملوں اور جلاؤ گھیراؤ کے تمام شوائد اسکاٹ لینڈ یارڈ کو فراہم کیے جائیں گے۔ ایم کیو ایم پر پابندی کے حوالے سے بھی مشاورت جاری ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی میڈیا پر حملہ متحدہ قائد کے خلاف کیس کی بنیاد ہے۔ سندھ حکومت کی جانب سے وفاق کو فراہم کیے گئے شواہد اسکاٹ لینڈ یارڈ کو فراہم کیے جائیں گے۔ اسکاٹ لینڈ یارڈ کی قانونی معاونت کیلئے لیگل کونسل کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔ دوسری جانب وزیر داخلہ کی زیرصدارت اعلی سطح اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چھ ماہ میں تمام بین الاقوامی این جی اوز کو قانون کے دائرے میں لایا جائے گا جبکہ انسداد دہشتگردی کیلئے کراچی اور کوئٹہ میں جیو میپنگ کا ٹاسک نیکٹا کو دے دیا گیا۔ فروری 2017 تک ہر ضلع میں پاسپورٹ آفس قائم کیے جائیں گے۔