خبرنامہ پاکستان

حکومت کا پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے جسٹس (ر)سائر علی کو انکوائری کمیشن کا سربراہ مقرر کرنیکا فیصلہ

اسلام آباد (آئی این پی) حکومت نے پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس (ر)سائر علی کو انکوائری کمیشن کا سربراہ مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا، کمیشن کیلئے ٹرم آف ریفرنسز کو حتمی شکل دے دی گئی۔ جمعہ کو نجی ٹی وی کے مطابق سپریم کورٹ کے جسٹس (ر)سائر علی کو پانامہ لیکس کی تحقیقات کے سلسلے میں بنائے جانے والے کمیشن کا سربراہ مقررکئے جانے کا امکان ہے۔ اس سلسلے میں حکومتی نمائندوں نے جسٹس(ر) سائر علی سے رابطہ کر کے تحقیقاتی کمیشن سے متعلق مشاورت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیشن دو سے تین رکنی ہو گا، تحقیقاتی کمیشن کیلئے ٹرمز آف ریفرنسز کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، کمیشن کو مکمل عدالتی اختیارات حاصل ہوں گے، تحقیقاتی کمیشن کسی بھی فرد کو طلب کر سکے گا، کمیشن کسی بھی ادارے یا ماہر کی خدمات بھی حاصل کر سکے گا، کمیشن کو کسی بھی فرد کو سزا دینے کا اختیار بھی حاصل ہوگا، کمیشن کوتوہین عدالت پر کارروائی کا اختیار بھی حاصل ہو گا، کمیشن کو تحقیقاتی کیلئے ٹائم فریم بھی دیا جائے گا۔(اح)