خبرنامہ پاکستان

حکومت کا پیپلزپارٹی کے بعض مطالبات کی منظوری کیلئے گرین سگنل

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے درمیان فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کے معاملے پر 24گھنٹوں میں دوسری اہم ملاقات ہوئی ہے ، پارلیمنٹ میں اس اہم آئینی ترمیم کی منظوری کے ٹائم فریم پر مشاورت شروع کر دی گئی ہے ۔ پارلیمانی قائدین کو اس بارے میں اعتماد میں لیا جائے گا جبکہ حکومت نے پاکستان پیپلزپارٹی کے بعض مطالبات کی منظوری کیلئے گرین سگنل دے دیا ہے ۔ اپوزیشن لیڈر کو باقاعدہ طور پر آگاہ کردیا گیا ہے کہ اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کے 9نکاتی مطالبات حکومت کے علم میں لائے گئے ہیں اور حکومت کی طرف سے اس بارے میں مثبت ردعمل کا اظہار کیا گیا ہے ۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ سپیکر اور اپوزیشن لیڈر نے بدھ کو ملاقات میں بھی فوجی عدالتوں کی آئینی ترمیم پیپلزپارٹی کے 9نکاتی مطالبات اور پارلیمانی قائدین کے مشاورتی اجلاس کے ایجنڈے پر تبادلہ خیال ہوا ۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پیپلزپارٹی کی طرف سے پارلیمانی اجلاس کا بائیکاٹ ختم کرنے پر اپوزیشن لیڈر کا شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت کے تعاون کے جذبے کی تعریف کی ہے ۔ ذرائع دعویٰ کر رہے ہیں کہ فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی آئینی ترمیم میں حکومت پیپلزپارٹی کی بعض تجاویز کو شامل کرنے پر تیار ہوگئی ہے ۔ دونوں فریقوں کے بلز کا (آج) پارلیمانی مشاورتی اجلاس میں تفصیل سے جائزہ لیا جائے گا ۔ اس بارے میں پیپلزپارٹی کے ڈرافٹ کمیٹی نے بھی مسودہ تیار کیا ہے ۔ ذرائع کا یہ بھی دعویٰ ہے کہ آج کے اجلاس میں قومی اسمبلی اور سینیٹ سے آئندہ ہفتے فوجی عدالتوں کی مدت میں توسیع کی آئینی ترمیم کی منظوری کے ٹائم فریم پر اتفاق رائے ہو جائے گا۔ (اع)