خبرنامہ پاکستان

حکومت کودھکا لگا تو ذمہ دار نوازشریف ہوں گے: عمران

سیالکوٹ: (آئی این پی) عمران خان نے کہا کہ جنگ کے دوران بھی اسپتالوں پر حملہ نہیں کیا جاتا مگر موجودہ حکومت جانوروں سے بھی نیچے جا چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے پاکستان میں ٹیسٹ کیلئے بھی اسپتال نہیں ہے، یہ لوگ مافیا ہیں جنہیں شکست دینے کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے درخواست کریں گے کہ ان لوگوں کا احتساب کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ 2013ء کے الیکشن میں ملک میں تاریخی فراڈ ہوا، میرے حلقے میں 54 ہزار بوگس ووٹ تھے جن پر اب تک تحقیقات نہیں ہوئیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعظم 3 ہفتے سے باہر ہیں اور ملک میں کوئی چیف ایگزایکٹو ہی نہیں ہے، پاناما میں نام آنے کے بعد وزیر اعظم کا عہدے پر فائز رہنا بہت مشکل ہے، حکومت کو دھکا لگے گا تو قصوروار نواز شریف ہو گا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاناما پیپرز پر تحقیقات میں جتنی دیر ہو رہی ہے، لوگوں میں اتنی ہی تشویش بڑھ رہی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم ابھی بھی کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کے بغیر احتساب نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ طاہر القادری کے دھرنے کی حمایت کرتے ہیں، ہمارے نمائندگان وہاں موجود ہیں۔