خبرنامہ پاکستان

حکومت کو آئینی طور پر اپنی مدت پوری کرنی چاہئے،سراج الحق

حکومت کو آئینی طور پر اپنی مدت پوری کرنی چاہئے،سراج الحق

اسلام آباد: (ملت آن لائن) جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت کو آئینی طور پر اپنی مدت پوری کرنی چاہئے، آئین میں ٹیکنو کریٹ حکومت کی کوئی گنجائش نہیں، اس ملک کو بڑے حادثات سے گذرنا پڑا ہے، ملک اب مزید اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئین موجود ہے، اس میں تمام مسائل کا حل موجود ہے، حکومت کو آئینی طور پر اپنی مدت پوری کرنی چاہئے۔

قومی وطن پارٹی کے چئیرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے کہا ہے کہ ملک میں بے یقینی کی صورتحال کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونا پڑے گا، حکومت کے خاتمے سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا،اپنے مفادات کو پس پشت ڈال کر ملک و قوم کے مفاد کا فیصلہ کرنا ہوگا۔ افغانستان کو الزامات لگانے کی بجائے مل بیٹھ کر آگے بڑھنا ہوگا، افغان صدر کے دورہ پاکستان کیلئے کوششیں کرنا ہوں گی۔ جمعہ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں اگر بے یقینی کی فضاء ہو تو سرمایہ کاری و ترقی کا عمل متاثر ہوتا ہے، ایسی صورتحال ملک و قوم کیلئے نقصان دہ ہے، تمام سیاسی جماعتوں کو مل بیٹھ کر بے یقینی اور انارکی کی صورتحال کے خاتمے کیلئے متحد ہونا پڑے گا۔ ماضی کی حکومت نے آئینی طور پر اپنی مدت پوری کی، ہم چاہتے ہیں کہ موجودہ حکومت بھی اپنی آئینی مدت پوری کرے۔