خبرنامہ پاکستان

حکومت گیس درآمد کرےگی:شاہد

لاہور(آئی این پی) وفاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت توانائی بحران حل کرنے میں سنجیدہ ہے‘ حکومت کے پاس گیس درآمد کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں ہے‘آر ایل این جی پر چلنے والی سی این جی کو ہر حال میں پٹرول سے سستا رکھا جائے گا ،ورنہ چار سو پچاس ارب کی یہ صنعت چل ہی نہیں سکتی‘ سال رواں میں یورو معیار کا ایندھن پاکستان میں دستیاب ہو گا ۔اپنے ایک انٹرویو میں فاقی وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ملک سے توانائی کا بحران ہمیشہ کیلئے ختم کیا جا رہا ہے اور اسی لئے نجی شعبہ کو گیس کی درآمد اور فروخت کا لائسنس جاری کیا گیا ہے جس سے اس شعبہ میں مزید کمپنیوں کے آمد کی راہ بھی ہموار ہو گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ملک میں گیس کی کوئی قلت نہیں ہو گی جس سے تعمیر اور ترقی کے نئے دور کا آغاز ہو گاملک کے انرجی مکس میں گیس کا حصہ پچاس فیصد ہے، جبکہ دو سال کے اندر اندر بجلی کی پیداوار طلب سے بڑھ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تھر کول سے بھی بجلی بنانے کے منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ سال رواں میں یورو معیار کا ایندھن پاکستان میں دستیاب ہو گا جو حکومت کی ایک اور بڑی کامیابی ہو گی۔