خبرنامہ پاکستان

حکومت ہر نئے دن کرپشن میں پھنستی جارہی ہے: سراج

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت ہر نئے دن کرپشن کی دلدل میں پھنستی جارہی ہے‘ آئین کے آرٹیکل 62,63 پر عمل نہ ہونے تک ملک کرپشن سے پاک نہیں ہوسکتا‘ کرپشن فری پاکستان بنانے کے لئے عدالت عظمیٰ کو مزید ایکسرے اور الٹرا ساؤنڈ کرنے کی ضرورت ہے تو کرے مزید لیبارٹریوں سے تعاون چاہتے ہیں تو لیا جائے‘ امید ہے سپریم کورٹ کرپشن کے خاتمے کے لئے روڈ میپ دے گی۔ وہ جمعہ کو سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ میں پانامہ کیس کی سماعت جاری ہے امید ہے عدالت عظمیٰ اس کیس سے متعلق بہترین فیصلہ کرے گی بلکہ کرپشن کو ختم کرنے کے لئے روڈ میپ دے گی۔ سراج الحق نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 62,63 پر عمل نہ ہوا تو ملک کرپشن سے پاک نہیں ہوگا پانامہ لیکس میں جن جن کا نام آیا ہے سب کا احتساب ہونا چاہئے۔ سب ے پہلے وزیراعظم اور ان کے خاندان کا احتساب ہونا چاہئے۔ عدالت اور ہ مارے لئے یہ بہترین موقع ہے کہ بیس کروڑ عوام کو کرپشن فری پاکستان بنا کر دیں۔ احتساب کے لئے اگر عدالت کو مزید ایکسرے اور الٹرا ساؤنڈ کی ضرورت ہے تو ضرور کرے اگر مزید لیبارٹریوں سے تعاون چاہئے تو وہ بھی لیا جاسکتا ہے۔ پانامہ کیس کا فیصلہ جلد سے جلد ہو انہوں نے کہا کہ حکومت ہر نئے دن کے ساتھ کرپشن کی دلدل میں پھنستی جارہی ہے سرکار نئے وکیل لائی ہے جس سے ٹینشن میں اضافہ ہوا ہے۔ امید ہے ملک کو کرپشن فری پاکستان بنانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔ سراج الحق نے کہا کہ طلبہ یونین پر پابندی کے معاملے پر چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی کی مکمل حمایت کرتے ہیں ۔ (ن غ/ ا ر)