خبرنامہ پاکستان

خاتون اوّل محمودہ ممنون اور ترک خاتون اوّل ایمائن اردوان کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (ملت +‌آئی این پی) خاتون اوّل محمودہ ممنون حسین اور ترک خاتون اوّل ایمی نے اردوآن کے درمیان ایوان صدر میں ملاقات ہوئی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔خاتونِ اوّل محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مثالی تعلقات ہیں اور دونوں ملک ہر مشکل میں ایک دوسرے کا ساتھ دیتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی بہت سے مسائل پر یکساں موقف رکھتے ہیں اور عالمی فورموں پر ایک دوسرے کی حمایت بھی کرتے ہیں۔ خاتون اوّل پاکستان نے پاکستان میں سیلاب زدگان کی امداد کے لیے ترک خاتون اوّل کی خدمات پر ان کی تعریف کی۔ انھوں نے کہاکہ استنبول او آئی سی کے موقع پر خواتین اوّل کے اعلامیہ کے مطابق پاکستان میں کینسر پر کنٹرول کے لیے قابلِ قدر کام ہو رہا ہے۔بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ محترمہ ایمی نے اردوآن کی بچیوں کی تعلیم ، طبقاتی تعلیم اور بچوں سے لی جانے والی زبردستی مشقت کے خلاف اْن کی جدوجہد مسلم خواتین کے لیے قابل تقلید ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ حکومت پاکستان نے بھی خواتین کی فلاح و بہبود کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں جن کی مدد سے خواتین زندگی کے ہر شعبے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہی ہیں۔ اس موقع پرترک خاتون اوّل محترمہ ایمی نے اردوآن نے کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتی ہیں۔