خبرنامہ پاکستان

ختم نبوت نہیں، ختم حکومت کا ایشو ہے؛ سعد رفیق

ختم نبوت نہیں، ختم حکومت کا ایشو ہے؛ سعد رفیق
لاہور:(ملت آن لائن) وفاقی وزیر ریلویز پھر برس پڑے۔ مخالفین کو للکار کر بولے، نواز شریف کے ایمان پر حملہ کرتے ہو؟ یہ ختم نبوت نہیں ختم حکومت کا ایشو ہے، ہمارے محترم شیخ رشید اور عمران فرماتے ہیں کہ حکومت گرنے والی ہے، بھائی ہمیں گرانے سے کیا جمہوریت بچنے کی گارنٹی ہے؟ یہ کھیل نہ کھیلو، 5 ماہ صبر کر لو۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ عدالت کے فیصلے سے قیادت کا فیصلہ نہیں ہو گا، جبر سے فیصلہ نہیں ہو گا، صبر کرو، اگر 90 کی سیاست واپس آ گئی تو آنے والوں کی مدت بھی پوری نہیں ہو گی، ووٹرز کے فیصلے کو مانا جائے، ووٹر فیصلہ کرے گا کہ اگلا لیڈر کون ہو گا۔ انہوں نے سیاسی مخالفین کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک دوسرے کو دھکیلتے دھکیلتے اتنا آگے نہ جائیں کہ واپسی کا راستہ نہ رہے، طاقت ور فوج، آزاد عدلیہ اور غیرجانبدار میڈیا کے بغیر ریاست کامیاب نہیں ہو سکتی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ جلتی پر پانی ڈالیں، تیل نہ ڈالیں، ملک کو الیکشن کی طرف جانے دیا جائے، بروقت انتخاب کی طرف لیجانا بڑی کامیابی ہو گی۔ وزیر ریلویز نے مزید کہا کہ میری باتوں میں کچھ کڑوی باتیں تھیں لیکن مٹھاس چاہتا ہوں، ہمیں ایک دوسرے کو چت نہیں کرنا، مجھے نہیں معلوم کہ ہمیں کب تک بولنے دیا جائے گا، پاکستان کی منزل آئین کی حکمرانی ہے، ہمارے درد اور کرب کو سمجھا جائے، سیاسی قیادت کو قبر میں بھی ڈال دو گے تو سحر ختم نہیں ہوتا۔ خواجہ سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ ہو سکتا ہے ہم نے قوم کی خدمت صحیح نہ کی ہو، مخالفین الیکشن میں اپنے منشور کیساتھ میدان میں آئیں، ساری زندگی مسلم لیگ (ن) میں گزاری ہے، جماعتیں اراکین اسمبلی کے آگے، پیچھے ہونے سے نہیں ٹوٹتیں، ہم انہیں جانتے ہیں جو پارٹیاں بدلتے رہتے ہیں۔