خبرنامہ پاکستان

خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اسلام آباد دھرنے کا مسئلہ پر امن طریقے سے حل ہو گیا:صاحبزادہ ابوالخیر

ملتان(آئی این پی)جمعیت علماء پاکستان (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا ہے کہ خدا کا لاکھ لاکھ شکر ہے کہ اسلام آباد دھرنے کا مسئلہ پر امن طریقے سے حل ہو گیااس سلسلے میں ہم نے اور ہمارے کہنے پر دیگر سیاسی اور مذہبی قائدین نے حکومت کو باورکرانے کی جو کوششیں کیں کہ اس مسئلہ کو تشدد کے بجائے افہام تفہیم سے حل کیا جائے ۔ جمعرات کو اپنے ایک بیان میں ا نہوں نے کہاکہ الحمدللہ ہماری کوششیں بارآور ہوئیں اور یہ معاملہ افہام وتفہیم کے ساتھ پر امن طریقے سے حل کیا گیااور قوم ایک بڑے سانحہ سے بچ گئی میں ان تمام قائدین اور دینی سیاسی رہنماؤں کا شکر گزار ہوں جنہوں نے میری گزارش پر اس مسئلہ کو حل کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور اس مسئلہ کے پرامن حل کے لئے اپنے طور پر کوششیں کیں انہوں نے کہا کہ حکومت کے وزراء کے مختلف بیانات سے عوام میں بے چینی پیدا ہورہی ہے اگر یہ معاہدہ زبانی ہونے کی بجائے تحریری ہوتاتویہ ابہام پیدا نہ ہوتا اور وزیر داخلہ کو یہ کہنے کا موقع نہ ملتا کہ ہم نے کوئی زبانی یا تحریری معاہدہ نہیں کیااورکوئی تحریری سمجھوتہ نہیں ہوا۔انہوں نے کہا کہ وزیر داخلہ کے اس بیان سے یہ شکوک و شبہات پیدا ہورہے ہیں کہ اس معاہدے پر عمل درآمد کرانے والے وزیر داخلہ جب سرے سے اس معاہدے اور سمجھوتے کے وجود سے ہی انکار کررہے ہیں تو ان سے کیا توقع کی جاسکتی ہے کہ وہ اس معاہدے پر صدق دل سے عمل بھی کریں گے ۔