خبرنامہ پاکستان

خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے قومی منصوبہ بنایا: آصف زرداری

اسلام آباد (ملت + آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف علی زرداری نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں مطالبہ کیا ہے کہ خواتین کو بااختیار بنانے کے لئے ایک قومی منصوبہ بنایا جائے اور اس کے ساتھ ساتھ نیشنل کمیشن آن دی اسٹیٹس آف ویمن کو مضبوط کیا جائے تاکہ خواتین فرسودہ روایتوں کی قید سے آزاد ہو سکیں اور ان کے خلاف تعصب ختم ہو۔ منگل کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے برابر کے حقوق سب سے بنیادی انسانی حقوق ہیں اور پارٹی کبھی بھی خواتین سے تعصب برتنے کی اجازت نہیں دے گی اور نہ ہی آئیڈیالوجی کے نام پر ان کا استحصال ہونے دی گی۔ ہماری لیڈر شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے خواتین کے حقوق کی جدوجہد کی قیادت کی اور پارٹی پاکستان کی خواتین کو اس بات کا یقین لاتی ہے کہ استحصال اور تعصب کے خاتمے کے لئے ان کی ہر جدوجہد کی حمایت کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی صنفی برابری کی ہر جدوجہد، ان کے خلاف تعصب ختم ہونے اور ان کا استحصال ختم ہونے اور خواتین کو اپنے حقوق کے لئے آواز اٹھانے سے پاکستانی معاشرہ مزید رواداری، یکجہتی اور تحفظ پائے گا۔ سابق صدر نے ان تمام خواتین اور مردوں کو ان کی بہادرانہ جدجہد پر سلام پیش کیا جو خواتین کی آزادی کے لئے جدوجہد کرتے رہے ہیں۔ خواتین کے حقوق اور انہیں بااختیار بنانے کے لئے ایک نیشنل ویمن امپاورمنٹ پلان مرتب کیا جائے اور این سی ایس ڈبلیو کو مضبوط کیا جائے تاکہ خواتین کے حقوق کو تحفظ مل سکے اور انہیں فروغ دیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 20سال سے زائد عرصہ قبل اقوام متحدہ کے دو کنونشنوں کی توثیق کی تھی جو خواتین کے خلاف ہر قسم کے تعصب کے خاتمے سے متعلق تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب اقوام متحدہ میں ان کنونشنوں پر عملدرآمد کی رپورٹ جمع کرانے کا وقت آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر 2017ء کو نیشنل ویمن امپاور پلان بنانے کا سال بنا دیا جائے تو یہ بات بہت ہی مناسب ہوگی۔