خبرنامہ پاکستان

خواتین کے تحفظ کے بل پر تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا، سینیٹر کامل علی آغا

اسلام آباد ۔(اے پی پی) پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنما سینیٹر کامل علی آغا نے کہا ہے کہ خواتین کے تحفظ کے بل پر تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینا چاہئے تھا۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی طرف سے خواتین کو تحفظ کے بل کے حوالے سے تمام سٹیک ہولڈر اور مذہبی جماعتوں کو اعتماد میں لینا ضروری تھا۔ خواتین کے تحفظ کے بارے میں ابھی بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ بنگلہ دیش اور پاکستان کے کرکٹ میچ کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیم میں بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ سب سے زیادہ اصلاحات پاکستان کرکٹ بورڈ میں کرنے کی ضرورت ہے، جو لوگ کرکٹ کے متعلق جانتے نہیں وہ کرکٹ کی ٹیمیں بنا رہے ہیں، ادارے میں اجارہ داری اور من مانی تب ختم ہوگی کہ میرٹ پر وہ لوگ سامنے آئیں جو کرکٹ کو جانتے ہیں۔