خبرنامہ پاکستان

خواجہ اظہار کی فاروق ستار کے گھر آمد، یوم تاسیس ساتھ منانے کی تجویز

خواجہ اظہار کی فاروق ستار کے گھر آمد، یوم تاسیس ساتھ منانے کی تجویز

کراچی:(ملت آن لائن) ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن نے پی آئی بی گروپ کے سربراہ فاروق ستار سے ان کی رہائش گاہ آکر ملاقات کی اور مصالحت کا پیغام پہنچایا۔ خواجہ اظہار الحسن نے 18 مارچ کو ایم کیو ایم کا یوم تاسیس ایک ساتھ منانے کی تجویز بھی دی جبکہ فاروق ستار نے کہا کہ دونوں گروپوں کوماضی کی تلخیوں کوختم کرنا ہوگا۔ رہنما ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ خواجہ اظہارالحسن پی آئی بی گروپ کے رہنما فاروق ستار کے گھر پہنچے جہاں دونوں رہنماؤں نے مختلف معاملات پر بات چیت کی۔
سینیٹر طاہرمشہدی کا ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں گروپوں سے لاتعلقی کا اعلان
خواجہ اظہار الحسن نے بہادر آباد کی طرف سے مصالحت کا پیغام پہنچایا، بہادرآباد گروپ کی جانب سے یوم تاسیس ایک ہی جگہ منانے کی تجویز پیش کی گئی جبکہ فاروق ستار نے کہا کہ دونوں گروپوں کوماضی کی تلخیوں کوختم کرنا ہوگا۔ نخواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ تقسیم سے کارکن ذہنی اذیت کا شکار ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان 18 مارچ کو یوم تاسیس ایک ساتھ منائے گی یا نہیں اس کا فیصلہ جلد ہوجائے گا۔
ایم کیو ایم پاکستان کا تنظیمی بحران
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار کی جانب سے کامران ٹیسوری کا نام سینیٹ امیدوار کے طور پر سامنے آنے پر پارٹی میں اختلافات نے سر اٹھایا تھا جو بحران کی صورت میں تبدیل ہوگیا اور جس کا اب تک کوئی حل نکالا نہیں جاسکا۔ رابطہ کمیٹی نے کامران ٹیسوری کی رکنیت معطل کی تو فاروق ستار نے رابطہ کمیٹی کو معطل کردیا اور اس طرح ایم کیو ایم پاکستان دو دھڑوں یعنی پی آئی بی گروپ اور بہادرآباد گروپ میں تبدیل ہوگئی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے دھڑوں میں مذاکرات ایک بار پھر بے نتیجہ ختم
بعدازاں سینیٹ انتخابات کے لیے فاروق ستار گروپ اور بہادرآباد گروپ کی جانب سے الگ الگ کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔ اسی دوران رابطہ کمیٹی نے پارٹی سربراہ فاروق ستار کو قیادت سے نکال دیا اور اس حوالے سے الیکشن کمیشن کو بھی خط لکھا گیا جسے بعدازاں واپس لے لیا گیا۔ قیادت کی اس جنگ میں فاروق ستار کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا اعلان کیا گیا جسے رابطہ کمیٹی دھڑے نے ماننے سے انکار کردیا۔ بعدازاں پی آئی بی گروپ نے انٹرا پارٹی الیکشن کے بعد فاروق ستار کو کنوینر منتخب کرلیا۔ آخرکار 3 مارچ کو سینیٹ الیکشن سے محض ایک روز قبل ایم کیو ایم پاکستان کے دھڑوں میں الیکشن کے حوالے سے معاملات طے پا گئے لیکن ایم کیو ایم بہادرآباد گروپ سے صرف فروغ نسیم ہی سینیٹ نشست جیت پائے۔