خبرنامہ پاکستان

خورشید شاہ نے وزیراعظم کیخلاف تحریک استحاق جمع کرادی

اسلام آباد: (ملت+اے پی پی) پاناما لیکس پر وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر آمنے سامنے آ گئے۔ نواز شریف کی جانب سے قومی اسمبلی میں اپنے بیان کو غیرسنجیدہ قرار دینے پر خورشید شاہ تحریک استحقاق لے آئے۔ نوید قمر، اعجاز جاکھرانی، شازیہ مری اور نفیسہ شاہ کے بھی تحریک پر دستخط ہیں۔ خورشید شاہ نے تحریک استحقاق میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ وزیراعظم نے سپریم کورٹ کو مطمئن کرنے کے لئے کہا کہ پاناما پیپرز اور لندن فلیٹس سے متعلق قومی اسمبلی میں ان کا بیان سیاسی تھا اسے سنجیدہ نہ سمجھا جائے۔ نواز شریف کے اس بیان سے ایوان کا استحقاق مجروح ہوا۔ اپوزیشن لیڈر کا مزید کہنا ہے کہ وزیراعظم کا پارلیمنٹ میں بیان ایوان کی کارروائی کا اہم حصہ ہوتا ہے جسے انہوں نے غیرسنجیدہ قرار دیا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ ان کے باقی پالیسی بیانات بھی غیرسنجیدہ تھے۔ اس لئے تحریک استحقاق مزید کارروائی کیلئے متعلقہ کمیٹی کو بھیجی جائے۔