خبرنامہ پاکستان

خورشید شاہ نے پی آئی اے اثاثوں کی قیمتوں کی فہرست ایوان میں پیش کر دی

اسلام آباد: (آئی این پی )پی آئی اے اثاثوں کی لوٹ سیل کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ پی آئی اے دفاتر کوڑیوں کے دام بیچنے کی تیاریاں جاری ہیں، خورشید شاہ کی جانب سے ایوان میں پیش کی گئی قیمتوں کی فہرست دنیا نیوز کو موصول ہو گئی ہے۔قائدحزب اختلاف خورشید شاہ کی جانب سے قومی اسمبلی میں پیش کی گئی فہرست کے مطابق پی آئی اے کے دفاتراور اثاثوں کی قیمتیں مارکیٹ ویلیو سے انتہائی کم مقرر کی گئی ہیں، پی آئی اے کا بلیو ایریا اسلام آباد دفتر 5 کروڑ 79 لاکھ روپے، پی آئی اے سیلز آفس کراچی 70 کروڑ 82 لاکھ روپے جبکہ راولپنڈی کی مال روڈ پر واقع دفتر صرف 3 کروڑ 21 لاکھ روپے میں بکنے کو تیار ہے جبکہ پنجاب اسمبلی کے سامنے واقع پی آئی اے کے دفتر کی قیمت صرف 14 کروڑ 40 لاکھ روپے رکھی گئی ہے۔پی آئی اے کے بیرون ملک دفاتر میں نئی دہلی آفس 20 کروڑ 41 لاکھ روپے، تاشقند آفس 82 لاکھ 95 ہزار روپے جبکہ نیویارک میں پی آئی اے کی عمارت کی قیمت صرف 5 کروڑ 93 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے۔ پی آئی اے کے بیرون ملک اور اندرون ملک دیگر تمام دفاتر کی قیمتیں بھی اسی طرح انتہائی کم مقرر کی گئی ہیں۔