خبرنامہ پاکستان

خورشید شاہ کا وزیراعظم کو آٹھویں این ایف سی ایوارڈ کے تعین کیلئے خط ارسال

اسلام آباد(آئی این پی ) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے وزیر اعظم نواز شریف کو آٹھویں قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) ایوارڈ کے تعین کے لیے خط ارسال کیا ۔ وزیراعظم کو لکھے گئے خط میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ 7ویں این ایف سی ایوارڈ کی مدت 30 جون 2015 کو ختم ہوچکی ہے جس کے بعد نیا این ایف سی ایوارڈ تقریباً 2 سال سے تاخیر کا شکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ 7ویں این ایف سی ایوارڈ کو صدارتی حکم نامے کے ذریعے ایک سال کی توسیع دی گئی تھی، این ایف سی ایوارڈ کے ذریعے صوبوں میں وسائل کی تقسیم کا تعین کیا جاتا ہے، جبکہ صوبوں میں وسائل کی حقیقت پسندانہ تقسیم کے لیے جلد از جلد نئے صاف اور شفاف این ایف سی ایوارڈ کے تعین کی ضرورت ہے۔ تاہم موجودہ حالات سے لگتا ہے کہ پھر صدارتی آرڈر کے ذریعے ساتویں این ایف سی ایوارڈ کو توسیع دی جائے گی۔ اس وقت صوبوں میں فنڈز کی تقسیم آبادی کی بنیاد پر کی جارہی ہے، تاہم غربت اور پسماندگی جیسے عوامل کو بھی وسائل کی تقسیم کے فارمولے میں مدنظر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ اس حوالے سے قومی مفاد میں جلد اور بہتر فیصلہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ پاکستان میں قومی وسائل کی تقسیم کا کوئی متفقہ فارمولا نہیں ہے جس کے باعث وفاقی حکومت این ایف سی ایوارڈ کے اعلان میں ہمیشہ مشکلات کا شکار رہتی ہے، جبکہ صوبوں کے درمیان وسائل کی تقسیم پر شدید اختلافات پائے جاتے ہیں۔