خبرنامہ پاکستان

خوشی ہے مہاجر اتحاد واپس آ رہا ہے، مشرف

خوشی ہے مہاجر اتحاد واپس آ رہا ہے، مشرف
اسلام آباد/کراچی: (ملت آن لائن) سابق صدر پاکستان اور آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ سید پرویز مشرف نے کہا ہے کہ کراچی میں مہاجر کمیونٹی کے ایک مرتبہ پھر سے متحد ہونے پر خوشی ہے، میری ہمدردی ایم کیو ایم کے ساتھ نہیں بلکہ مہاجر برادری کے ساتھ ہے، مہاجر برادری کو ایم کیو ایم کا ٹھپہ اتار کر پاکستانیت کا آغاز کرنا چاہئے، مہاجر برادری ایک نئی سوچ کا آغاز اپنے آپ سے شروع کرے۔ سابق صدر نے ان خیالات کا اظہار بدھ کو اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کیا، انہوں نے کہا کہ پی ایس پی اور ایم کیوایم پاکستان باہم مل رہی ہیں، مہاجر برادری کے ایک مرتبہ پھر سے متحد ہونے پر خوشی ہے، ایم کیو ایم نے مہاجر برادری کو ملک بھر میں بدنام کیا، ایم کیو ایم کی وجہ سے مہاجر برادری تکلیفیں اٹھا رہی ہے، ایم کیو ایم کا سیاسی مستقبل نظر نہیں آتا مگر مہاجروں کو متحد ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میری سوچ قومیت کی بنیاد پر نہیں بلکہ پاکستان کی بنیاد پر ہے، اس لئے میں چاہتا ہوں کے مہاجر برادری کے اتحاد کے بعد دیگر قوموں سندھی، پنجابی، پٹھان، بہاری، بلوچ اور بنگالیوں سمیت سب کو ساتھ لے کر ایک نئی طاقت سامنے لانا ہو گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ طاقت سندھ کے دیہی علاقوں کی سیاسی طاقتوں کو ساتھ ملا کر سندھ میں پیپلز پارٹی کو مات دے سکتی ہے، پنجاب، کے پی کے، بلوچستان اور دیگر علاقوں سے آل پاکستان مسلم لیگ اس طاقت سے مل کر پاکستانیت کی سوچ کا آغاز کرے گی، یہ ایک نئی سیاسی طاقت کا آغاز ہو گا۔