خبرنامہ پاکستان

خوف اور مایوسی،ڈوبتا وزیراعظم تنکے کی تلاش میں مارا مارا پھررہا ہے: نعیم الحق

اسلام آباد (آئی این پی) تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے کہا ہے کہ نیلم جہلم ، نندی پور سمیت لاتعداد ناکام منصوبے وزیراعظم کی کارکردگی کا منہ چڑھا رہے ہیں، وزیراعظم صاحب معلوم ہے آپ جائیں گے نہیں، آپ کو اہتمام سے رخصت کرنا ہو گا، وزیراعظم کچھ بھی کرلیں قوم کی لوٹی ہوئی دولت کا احتساب دینا ہو گا۔ منگل کو بنوں میں وزیراعظم نواز شریف کے خطاب پر رد عمل دیتے ہوئے تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم کے کسان پیکج کا بھی عملی طور پر جنازہ نکل چکا ہے، چار چار مرتبہ ایک منصوبے کے اعلان سے عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا ہے، نیلم جہلم، نندی پور سمیت لاتعداد ناکام منصوبے وزیراعظم کی کارکردگی کا منہ چڑھا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کچھ بھی کرلیں عوام کی لوٹی ہوئی دولت کا احتساب دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈوبتا وزیراعظم تنکے کی تلاش میں مارا مارا پھر رہا ہے، وزیراعظم کے لب و لہجے سے خوف اور مایوسی جھلک رہی ہے۔ نعیم الحق نے کہا کہ وزیراعظم صاحب ہمیں معلوم ہے کہ آپ جائیں گے نہیں بلکہ آپ کو اہتمام کے ساتھ رخصت کرنا ہو گا۔(اح)