خبرنامہ پاکستان

خیبرپختونخوا کے عوام نے الیکشن میں موقع دیا تو پشاور کو لاہور بنادیں گے، شہباز شریف

خیبرپختونخوا کے عوام

خیبرپختونخوا کے عوام نے الیکشن میں موقع دیا تو پشاور کو لاہور بنادیں گے، شہباز شریف

پشاور:(ملت آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ عمران خان کی بڑھکیں قصہ خوانی بازار جیسی ہیں اگر خیبرپختونخوا کے عوام نے الیکشن میں موقع دیا تو پشاور کو لاہور اور خیبر پختونخوا کو پنجاب بنا دیں گے۔ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ نواز شریف کل بھی ہمارے قائد تھے، آج بھی ہیں اور کل بھی رہیں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا پشاور میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ موٹر وے نواز شریف کا وژن تھا اور اب کراچی سے لاہور تک موٹر وے بن رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے امریکی امداد کو ٹھکرا کر پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا اور ہم پاکستان کو عظیم بنانے کے لیے اپنی جانیں بھی لڑا دیں گے۔ شہباز شریف نے تحریک انصاف کے رہنما سراج خان کو مسلم لیگ (ن) میں شمولیت پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک اسکول میں معصوم بچوں اور اساتذہ نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی اور آج عوام اور پاک فوج کی قربانیوں سے ملک میں دہشت گردی بہت کم ہو چکی ہے۔
پی ٹی آئی رکن قومی اسمبلی سراج خان کا مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان
ان کا کہنا تھا کہ انشاء اللہ بہت جلد پورے ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہو جائے گا۔ مسلم لیگ ن کے صدر نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ لاہور میٹرو کو تنقید کا نشانہ بنانے والوں کو 5 سال بعد میٹرو یاد آئی ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت موجود ہے لیکن بڑے بڑے دعووں کے باوجود خان صاحب نے صوبے میں ایک میگا واٹ بجلی بھی پیدا نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ نیازی صاحب نے 5 سال قبل پوری دنیا کو بجلی فراہم کرنے کا دعویٰ کیا، عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے 76 میگا واٹ بجلی پیدا کی ہے لیکن پتہ نہیں وہ بجلی کہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ڈینگی آیا تو خان صاحب پہاڑوں پر چڑھ گئے، عمران خان نے خیبر پختونخوا میں ایک بھی بڑا اسپتال نہیں بنوایا اور بلین ٹری منصوبہ سب سے بڑا فراڈ ہے۔ شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کی بڑھکیں صرف قصہ ہیں، خان صاحب نے دعوے کیے اور ہم نے اپنے وعدے پورے کیے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سیاست دھرنے، معیشت تباہ کرنا اور سول نافرمانی کی تحریک ہے لیکن ہمارا راستہ گالی نہیں خوشحالی ہے، اگر 2018 کے الیکشن میں عوام نے مسلم لیگ ن کو موقع دیا تو پشاور میں میٹرو بنا کر دکھاؤں گا۔