خبرنامہ پاکستان

خیبر پختونخوا،پنجاب میں منگل کوبھی موسلادھاربارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا اور پنجاب میں منگل سے مزید بارشوں سے پیش گوئی کردی، جب کہ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل برسنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم کراچی میں مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہی رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے منگل سے پنجاب، پختونخوا، کشمیر اور گلگلت کے مختلف مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اسلام آباد میں تیز ہواؤں کیساتھ میگھا برسے گا، جب کہ سندھ میں بادل صرف میرپورخاص میں بھی برکھا رت دکھائیں گے۔

کراچی والوں کے لیے فی الحال بادل برسنے کا کوئی امکان نہیں۔

دوسری جانب پنجاب کے مختلف شہروں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، ڈی جی خان، فیصل آباد، سیالکوٹ، بورے والا، جہلم، اٹک، اور میانوالی میں بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، تاہم سیالکوٹ اور گرد و نواح میں بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔

تاندلیانوالا میں طوفانی آندھی اور بارش سے کئی درخت اکھڑ گئے۔