کلر سیداں (آئی این پی) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا ہے کہ داعش عرب تنظیم ہے، پاکستان میں اپنی اصل شکل میں موجود نہیں،کچھ کالعدم تنظیمیں داعش کا نام استعمال کر رہی ہیں،دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، ملک میں ایک گروہ ایسا ہے جو ہر واقعہ کو بنیاد بنا کر حکومت کی بجائے مجھ پر تنقید شروع کر دیتا ہے،میرے خلاف اس لئے محاذ بنائے جاتے ہیں کیونکہ ان کی دم پر میرا پاؤں آتا ہے، وفاق المدارس اور میڈیا مالکان کا اجلاس بلا رہا ہوں جس میں آرمی چیف بھی شرکت کریں گے، اتنے منصوبے لگائیں گے کہ عوام منصوبے گنتے گنتے تھک جائیں گے ، جو بلدیاتی نمائندے اپنے علاقے کیلئے کام کر رہے ہوں گے انہیں خود فنڈز دوں گا،، دہشت گردی کے بہت سے منصوبے پکڑ لئے گئے ہیں، ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، عدالت کہے گی تو ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کر دیا جائے گا۔ وہ ہفتہ کو اپنے حلقے کلر سیداں میں کھلی کچہری کے موقع پر خطاب کر رہے تھے۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ ڈیموں کیلئے زمین لینے میں مشکلات ہیں، صاف پانی کی فراہمی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام کر رہے ہیں، ڈیمز کیلئے لوگوں سے زمین چھیننے کیلئے قائل نہیں، کلر سیداں کی ترقی کیلئے کئی منصوبے پائپ لائن میں ہیں، آئندہ چار ماہ میں علاقے کیلئے پانی کی نئی سکیم متعارف کرائیں گے، عوام منصوبے گنتے گنتے تنگ آ جائیں گے، ہم منصوبے بناتے بناتے نہیں تھکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ ترقی کے ثمرات علاقے کے عوام تک پہنچیں، پینے کا صاف پانی میسر نہ ہو تو بہت سی بیماریاں پھیلتی ہیں، کلر سیداں کیلئے آج سے 2ایمبولینسیز کی سروس شروع کر رہے ہیں، ایک فون کال پر 10منٹ میں ایمبولینس آپ کے گھر پہنچے گی، کوئی ووٹ نہیں دیتا تو وہ ہمارا دشمن نہیں بن جاتا۔ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ طبی امداد اور ایمبولینسز کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے اور کلرسیداں کیلئے ایک فائربریگیڈ گاڑی بھی فراہم کر رہے ہیں، ہنگامی صورتحال میں ملحقہ علاقے بھی استفادہ کر سکیں گے اور ایمر جنسی کی صورت میں یہ سروسز فری اور فوری میسر کی جائے گی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ لوگ میرے خلاف محاذ بناتے ہیں، محاذ بنانے والوں کی دم پہ میرا پاؤں ہوتا ہے، جو لوگ باتیں بناتے ہیں ان کے ہی دور میں دھماکے ہوتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ جگہ جگہ پر داعش کا شور مچایا جا رہا ہے پاکستان میں داعش کا کوئی وجود نہیں، داعش ایک عرب تنظیم ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ جو بلدیاتی نمائندے اپنے علاقے کیلئے کام کر رہے ہوں گے انہیں خود فنڈز دوں گا، ہم اتنے منصوبے بنائیں گے کہ لوگ گنتے گنتے تھک جائیں گے ، بلدیاتی نمائندے صفائی دیکھیں اور پولیس کا نظام دیکھیں اور اسے بہتر بنائیں، دہشت گردوں کے سامنے کمزور ہونے کی ضرورت نہیں ہے، ایسے لوگ بھی ہیں جنہوں نے 5سال سوتے ہوئے گزارے ،بچوں اور خواتین پر حملے کرنے والوں کا انجام جنت ہے یا جہنم؟۔ انہوں نے کہا کہ وفاق المدارس کا اجلاس بلا رہا ہوں، جس میں آرمی چیف بھی شریک ہوں گے، داعش داعش کا شور مچا کر ایشو بنایا جا رہا ہے، کالعدم تنظیمیں داعش کا نام استعمال کر رہی ہیں، اس وقت سب سے اچھا بیان تنقید ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو میرے خلاف محاذ بناتے ہیں میں ان کی دم پر پاؤں رکھتا ہوں، ملک میں دہشت گردی کا سیاسی پوسٹ مارٹم کیاجاتا ہے، خدا کیلئے اس معاملے پر سیاست نہ کریں، 12 بور کے فائر پر طوفان برپا کر دیا گیا، ہماری کامیابیوں پر الزام نہ لگائیں، اگر تعریف نہیں کر سکتے تو جھوٹ نہ بولیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے، عدالت کہے گی تو ایان علی کا نام ای سی ایل سے خارج کر دیا جائے گا، باتیں بنانے والوں کے دور میں ہر روز دھماکے ہوتے تھے ، دشمن کو کمزوری نہیں ، عزم والا چہرہ دکھانا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتنے کیلئے آخری حد تک جائیں گے، دہشت گردی کے بہت سے منصوبے پکڑ لئے گئے ہیں۔(اح)