خبرنامہ پاکستان

داعش کے معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جائے،رحمان ملک

اسلام آباد :(اے پی پی) سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ داعش کے معاملے پر سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جائے، دہشت گردی کے خلاف پوری دنیا کو متحد ہونا پڑیگا ، اقوام متحدہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی کرے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں بم دھماکوں سے قیمتی جانوں کا ضیاع ہوا، ایک وقت تھا کہ پاکستان اور افغانستان دہشت گردی سے بہت متاثر تھے لیکن اب دہشت گردی بین الاقوامی سطح پر بڑھتی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ داعش کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون کو انہوں نے خط لکھا تھا جس کا جواب نہیں دیا گیا ، اب دوسرا خط لکھا ہے، اگر اس کا جواب نہ دیا تو پارلیمنٹیرین کا ایک وفد لے کر خود اقوام متحدہ جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ نائن الیون کے مو قع کے بعد جس طرح سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا گیا تھا اسی طرح داعش کے حوالے سے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس بلایا جائے ، اقوام متحدہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی نہیں کر سکتی تو اس کا کیا فائدہ۔انہوں نے کہاکہ پوری دنیا کو داعش کے خلاف مل کر کام کرنا ہوگا ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی شخص نئی جماعت بنانے کا حق رکھتا ہے لیکن کوئی پارٹی جھنڈے کے بغیر نہیں چل سکتی۔