لاہور:(ملت آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خانم نے دبئی میں پراپرٹی کے معاملے پر ایف آئی اے لاہور کو جواب جمع کرادیا۔
وزیراعظم عمران خان کی بہن علیمہ خانم نے ایف آئی اے کو دیئے گئے تحریری جواب میں اپنی دبئی کی پراپرٹی خریدنے کے ذرائع بتائے ہیں۔
ذرائع کے مطابق علیمہ خانم نے اپنے جواب میں کہا ہےکہ انہوں نے دبئی کی پراپرٹی ’بیرون ملک بزنس ڈیلنگ‘ سے خریدی تھی تاہم انہوں نے جواب میں اس بزنس ڈیلنگ کی وضاحت نہیں کی۔
ذرائع کا کہناہےکہ علیمہ خانم نے اپنے جواب میں بتایا کہ انہوں نے پراپرٹی نمبر1406 دبئی کے پوش علاقے لوفٹ اسٹ ڈاؤن ٹاؤن میں خریدی تھی اور دبئی میں اپنے نام خریدی جائیداد فروخت کردی ہے جب کہ ایف بی آر کو بھی اپنی دبئی کی پراپرٹی کی خریدوفروخت کی تفصیلات بتائی ہیں۔
واضح رہےکہ وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 27 اکتوبر کو سیاسی تعلقات رکھنے والے 44 ایسے افراد کی فہرست سپریم کورٹ میں جمع کرائی تھی جن کی متحدہ عرب امارات میں جائیدادیں ہیں۔
ایف آئی اے کی سپریم کورٹ میں پیش کردہ فہرست میں علیمہ خانم کی بے نامی پراپرٹی کا ذکر تھا اور ایف آئی نے سپریم کورٹ کو بتایاتھا کہ علیمہ خانم کو نوٹس بھیجا گیا ہے جس پر انہوں نے ایف آئی اے سے رابطہ کیا تھا۔