خبرنامہ پاکستان

درباری افسران کو بچانے کیلئے نیب پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، ترجمان پی ٹی آئی

درباری افسران کو بچانے کیلئے نیب پر دباؤ ڈالا جارہا ہے، ترجمان پی ٹی آئی

اسلام آباد:(ملت آن لائن) تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ درباری افسروں کو بچانے کے لئے قومی احتساب بیورو (نیب) پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ نیب کی جانب سے لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) کے سابق ڈائریکٹر جنرل احد چیمہ کی گرفتاری کے بعد کی صورتحال پر تحریک انصاف کے رہنما نے تبصرہ کیا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ یہ افسر سرکاری وسائل پر ڈاکہ زنی کی منصوبہ بندی کو عملی جامہ پہناتے ہیں، ان درباری افسروں کو بچانے کے لئے نیب پر دباؤ ڈالا جارہا ہے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ نیب کے اقدام سے جسے تکلیف ہے وہ قومی خزانے میں 14 ارب روپے جمع کروائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ انصاف کی راہ میں روڑے اٹکانے والوں کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی ہونی چاہیے۔
………………………………….
اس خبر کو بھی پڑھیے….احد چیمہ کو ترقی کیوں دی ؟ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن سراپا احتجاج بن گئی

لاہور: (ملت آن لائن) کرپشن کے ملزم احد چیمہ کو ترقی کیوں دی ؟ پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن سراپا احتجاج بن گئی ، اپوزیشن ارکان نے ایوان سے علامتی واک آؤٹ کر دیا۔ سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی 20 ویں گریڈ میں ترقی پر اپوزیشن نے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شدید احتجاج کیا ۔ اپوزیشن اراکین کا کہنا تھا کہ احد چیمہ کو جیل سے گریڈ 19 سے 20 میں ترقی دے دی گئی ، ایک زیر حراست ملزم کو گریڈ بیس میں ترقی دی گئی جس پر اسپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ احد چیمہ ڈی ایم جی گروپ سے تعلق رکھتے ہیں یہ وفاق کا معاملہ ہے ۔ احد چیمہ کی گریڈ 20 میں ترقی کے خلاف اپوزیشن ارکان کی جانب سے ایوان میں شدید نعرے بازی کی گئی ۔ سابق ڈی جی ایل دی اے احد چیمہ کی ترقی پر بات کرنے کی اجازت نہ ملنے پر اپوزیشن نے ایوان سے علامتی واک آوٹ کیا۔ دوسری جانب سابق ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ کی گرفتاری کے خلاف ڈی ایم جی افسران نے پنجاب سول سیکرٹریٹ میں اپنے دفاتر کو تالے لگا دیئے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری عمر رسول نے فوری طور پر دفاتر بند کرنے کا حکم دیا ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری عمر رسول ، ایڈیشنل سیکرٹری ویلفیئر دانش افضال ، ایڈیشنل سیکرٹری ایڈمن عرفان علی کے دفاتر کو تالے لگا کر بند کر دیا گیا ۔ ڈی ایم جی گروپ کے افسران مطالبہ کر رہے ہیں کہ احد چیمہ کو رہا کیا جائے ۔ بڑے افسران کی ایسے گرفتاری مناسب نہیں ، اگر گرفتاری مقصود ہے تو مجوزہ طریقہ کار کو اختیار کیا جائے اور چیف سیکریٹری کو خط لکھ کر آگاہ کیا جائے۔ پنجاب سول سیکرٹریٹ میں تالہ بندی سے سائلین رل گئے۔ کل ڈی ایم جی گروپ کے افسران نے وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقات میں احمد چیمہ کی گرفتاری پر تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔ اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے کابینہ کا ہنگامی اجلاس آج طلب کر رکھا ہے۔