خبرنامہ پاکستان

دریائے سندھ میں گڈو سکھر بیراج کے مقاما ت پر پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہو گئی

سکھر۔ 10جولائی (اے پی پی) بالائی علاقوں میں بارشوں کے سبب دریائے سندھ میں گڈو سکھر بیراج کے مقاما ت پر پانی کی سطح بلند ہونا شروع ہو گئی ہے، سکھر بیراج کے مقام پر نچلے اور گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے، محکمہ آبپاشی کے زرائع کے مطابق گڈو اور سکھر بیراج سے سیلابی پانی کا ریلا گزر رہا ہے، گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ17 ہزار 522 کیوسک، جبکہ اخراج 2لاکھ 82 ہزار540 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے، سکھربیراج کے مقام پر اپ اسٹریم پر 2 لاکھ12 ہزار540 کیوسک جبکہ ڈاؤن اسٹریم پرایک لاکھ 56ہزار745 کیوسک پانی اور کوٹری بیراج پانی کی آمد 56 ہزار 109 کیوسک اور اخراج 16ہزار 674 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے ۔دوسری جانب ممکنہ سیلابی طغیانی میں اضافہ کے سلسلہ میں محکمہ آبپاشی اورصوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سمیت متعلقہ اداروں کی جانب سے حفاظتی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں، اور پانی کی صورتحال پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے، زرائع کے مطابق آئندہ دنوں میں دریائے سندھ میں پانی کی آمد کے باعث دریائی سطح بتدریج مذید بلند ہونے کا امکان ہے ۔