خبرنامہ پاکستان

دستورریاست کے تمام شہریوں کے لئے جمہوریت، بنیادی حقوق اورسلامتی کا ضامن ہے:ایاز صادق

اسلام آباد(آئی این پی)سپیکر قومی اسمبلی سردارایاز صادق نے کہا ہے کہ دستور ریاست کے تمام شہریوں کے لئے جمہوریت، بنیادی حقوق اور سلامتی کا ضامن ہے اور اس کی بالادستی ہماری حقیقی منزل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقدس دستاویزکے تقدس کو ہر قیمت پر برقرار رکھنا ہوگا۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار’ یوم دستور ‘ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا جو 10اپریل 2016کو ملک بھر میں منایا جا رہا ہے۔سردار ایاز صادق نے اس دن کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ آج سے 43برس پہلے ملک کی پہلی منتخب اسمبلی میں موجود عوام کے نمائندگان نے ایک مشترکہ مقصد اور غیر متزلزل عزم کے تحت متفقہ طور پر ملک کے آئین کی منظوری دی تھی جو ایک جمہوری ، پر امن اور خوشحال ریاست کی جانب سفر کے لئے مشعل راہ تھا۔ انہوں نے اس افسوس کا اظہار کیا کہ غیر جمہوری قوتوں کی جانب سے آئین کو معطل کرنے کی متواتر کوششوں کی وجہ سے ملک میں مضبوط وفاق اورجمہوری اقدار کے فروغ کے سفر کو دھچکا لگا۔انہوں نے کہا کہ ان مہم جوئی کی سازشوں سے ملکی سلامتی، قومی ترقی اور انسانی حقوق کی صورتحال ابتر ہوئی۔جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی کے لئے ملکی سیاسی قوتوں کی جانب سے دی جانے والی قربانیوں کویاد کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ جمہوری طاقتوں نے پاکستا ن میں آئین کی عملداری اور جمہوریت کی بحالی کے لئے جابر حکمرانوں کا مقابلہ کرتے ہوئے بے پناہ مشکلات کا سامنا کیا۔ انہوں نے ان گمنام ہیروز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج جبکہ تاریخ کے اوراق میں ان کاذکرنہیں ہوتا لیکن ان لوگوں نے آئین کے تقدس کی بحالی کے لئے تشد د اور قیدوبند کی صعوبتیں برداشت کیں اور یہاں تک کہ تختہ دار پربھی لٹک گئے لیکن مطلق العنان حکمرانوں کے آگے سر نہ جھکایا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس جدوجہد کے نتیجے میں 37سال بعد منتخب نمائندگان نے متفقہ طور پر 18ویں آئینی ترمیم کے ذریعے 1973کے دستور کو اسکی روح کے مطابق بحال کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اب موجودہ سیاسی قیادت کی ذمہ داری ہے کہ وفاقی اکائیوں کو اختیارات کی منتقلی کے ذریعے بنیادی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا کر آئین پراس کی روح کے مطابق عملدرآمد کرے۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ اس تاریخی دن پر ہم اپنے اس عزم کا اعادہ کرتے ہیں کہ اس مقدس دستاویز کے ہر لفظ کی حفاظت اور اس کا دفاع کریں گے جو اس قوم کو آزادی، سماجی انصاف اور برابری کے ساتھ متحد رہنے کا ضامن ہے۔