خبرنامہ پاکستان

دستورپاکستان کی تدوین کی43 ویں سالگرہ تقریبات کا آغاز ،( آج) یوم آئین منایا جائے گا

اسلام آباد(آئی این پی)دستور پاکستان کی تدوین کی43 ویں سالگرہ تقریبات کا آغاز ہو گیا ،جمہوریت کے استحکام اور آئین کی بالادستی کے حوالے سے 73 کے آئین کے بانیوں اور ان گمنام ہیروز کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے( آج) اتوار کوسینیٹ نے یوم آئین منانے کا فیصلہ کیا ،اس سلسلے میں پارلیمنٹ ہاؤس کی عمارت پر چراغاں ، ریڈیو اور ٹی وی پر خصوصی نشریات ، منتخب سیاسی قیادت کے پیغامات اور 12 اپریل کو پارلیمانی جمہوریت کے تصور اور وفاقیت کے حوالے سے خصوصی سیمینارکا انعقاد اور خصوصی پفلٹ کی اشاعت وغیرہ کا اہتمام کیا جائے گا تاکہ عوام میںآئین کی اہمیت کے متعلق آگاہی پھیلائی جا سکے اور یہ بات اجاگر کی جا سکے کہ دستور1973 ؁ اور جمہوری قدروں کے فروغ کیلئے پاکستان کے عوام نے کیاقربانیاں دیں ۔ سیکرٹری سینیٹ امجد پرویز ملک ان اہم دنوں کے حوالے سے ترتیب دیئے گئے انتظامات کی نگرانی کر رہے ہیں ۔ سینیٹ نے پچھلے سال بھی اس دن کی اہمیت کا اجاگر کرنے کیلئے یوم دستور کو بھرپور طریقے سے منایا تھا اور اس روائت کے تحت اس بار بھی اس سلسلے میں خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ (و خ )