خبرنامہ پاکستان

دفاعی نمائش آئیڈیاز2016 کا چوتھا اورآخری روز

کراچی:(ملت+اے پی پی) ایکسپو سینٹر میں نویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کے چوتھے اور آخری روز عوام کی بڑی نمائش دیکھنے کے لئے پہنچ گئی۔ کراچی ایکسپوسینٹرمیں جاری نویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا چوتھا اور آخری روز ہے، آج عام عوام کو بھی دفاعی نمائش دیکھنے کی اجازت ہے جس کے باعث پاکستانی اور بین االاقوامی کمپنیوں کا تیار کردہ سامان حرب دیکھنے کے لئے ایکسپو سینٹر کے باہر شوقین افراد کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔ ہتھیار برائے امن کے نام سے جاری نمائش میں پاکستان کے ترکی، فرانس، یوکرائن، چیک ری پبلک، پولینڈ، بیلجیئم اورآذربائیجان سے معاہدے طے پائے ہیں، نمائش میں 3 روز کے دوران مجموعی طور پر 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کئے گئے۔ دفاعی نمائش میں 90 دفاعی وفود دنیا بھر کے 43 ملکوں کی نمائندگی کررہے ہیں۔ نمائش میں 157 پاکستانی اور 261 غیر ملکی کمپنیوں سمیت مجموعی طور پر 418 کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کررہی ہیں جب کہ پاکستان کا الخالد ٹینک، جے ایف 17 تھنڈر، سپر مشاق، میزائل بوٹس، بکتر بند گاڑیاں اور دیگر ملٹری آلات عوام کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ قطاروں میں لگے شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے مواقع بہت کم ملتے ہیں کہ دفاعی سازو سامان کواس اندازمیں دیکھ سکیں اس لیے ہم بہت زیادہ پرجوش ہیں کیونکہ ہم نہ صرف ملکی بلکہ غیرملکی اسٹالز پربھی جا کردفاعی سازو سامان کو دیکھ سکیں گے۔