اسلام آباد ۔ (اے پی پی) دفتر خارجہ کے نئے ترجمان محمد نفیس ذکریا نے جمعرات کو قاضی خلیل اﷲ کی جگہ اپنے فرائض سنبھال لئے ہیں۔ قاضی خلیل اﷲ کو روس میں پاکستان کا نیا سفیر متعین کیا گیا ہے۔ محمد نفیس ذکریا جو بیرون ملک متعدد سفارتی ذمہ داریوں پر فائز رہ چکے ہیں، نے دفتر خارجہ میں ذرائع ابلاغ کے لئے ہفتہ وار بریفنگ کے ساتھ اپنی نئی ذمہ داری سنبھالی۔ وہ اس سے پہلے دسمبر 2012ء سے جولائی 2014ء تک ٹورنٹو، کینیڈا میں پاکستان کے قونصل جنرل رہ چکے ہیں جبکہ اس سے قبل وہ لندن میں منسٹر پولیٹیکل، قونصل جنرل اور ڈپٹی ہائی کمشنر کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دے چکے ہیں۔ دفتر خارجہ میں اپنے کیریئر کا آغاز کرنے سے قبل وہ ایروناٹیکل انجینئر تھے اور انہوں نے ابوظہبی، جکارتہ اور بنکاک میں پاکستانی مشنز میں فرائض انجام دیئے۔ انہوں نے نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں سیکورٹی اور وار کورس میں بھی شرکت کی جبکہ ڈی جی ساؤتھ ایشیاء و سارک، ڈی جی یورپ اور ڈی جی سروسز و ڈی جی پرسانل بھی رہ چکے ہیں۔ سبکدوش ہونے والے ترجمان دفتر خارجہ قاضی خلیل اﷲ نے اپنے مختصر کلمات میں نفیس ذکریا کی نئی ذمہ داریوں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ترجمان کی حیثیت سے ذرائع ابلاغ کے ساتھ رابطہ ان کے لئے ایک اچھا تجربہ رہا۔ انہوں نے کہا کہ ایک اہم ستون کی حیثیت سے ذرائع ابلاغ کا علاقائی اور عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو اجاگر کرنے اور فروغ دینے میں اہم کردار ہے۔