اسلام آباد:(اے پی پی) مقامی عدالت نے دھرنے کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر عمران خان اور طاہرالقادری سمیت تحریک انصاف اورعوامی تحریک کے 27 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔ اسلام آبادمیں علاقہ میجسٹریٹ وقاص رشید نے اسلام آباد میں تحریک انصاف کے دھرنے کے دوران دفعہ 144 کی خلاف ورزی سے متعلق مقدمے کی سماعت کی، سماعت کے دوران ڈی جے بٹ کے خلاف عبوری چالان پیش کیا گیا۔ جس پر ڈی جے بٹ کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ ان کا موکل قانون اور عدلیہ کا احترام کرتاہے، اس مقدمے میں عمران خان اور طاہر القادری سمیت 27 دیگر ملزمان بھی نامزد ہیں لیکن اس کے باوجود صرف ان ہی کے موکل کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ڈی جے بٹ کے وکیل کی دلیل پر استغاثہ کی جانب سے درخواست کی گئی کہ کیس میں نامزد دیگر افراد کو بھی عدالت طلب کیا جائے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد ڈی جے بٹ کی مقدمے میں بریت کی درخواست مسترد کرتے ہوئے عمران خان ، طاہر القادری، اسد عمر اور خرم نواز گنڈا پور سمیت 27 افراد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔