خبرنامہ پاکستان

دمام میں پھنسے پاکستانی دوماہ سےحکومتی امداد کےمنتظر

دمام: (اے پی پی) سعودی عرب کے شہر دمام میں پھنسے سینکڑوں پاکستانیوں کی مشکلات ختم نہ ہوسکیں ، دو مہینے گذر گئے کوئی داد رسی کو نہ آیا ، متاثرین بے بسی کی تصویربنے بیٹھے ہیں اور حکومت پاکستان سے مدد کی اپیل کر رہے ہیں ۔ پاکستانی دفتر خارجہ کا کہنا ہے معاملے کو حل کرنے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔ احتجاج کرتے یہ ہیں سعودی عرب کے شہر دمام میں پھنے پاکستانی جو اقامے کی معیاد ختم ہونے پر مشکلات سے دوچار ہیں ۔ عید سر پر ہے ، اپنوں سے ملنے کا غم ستا رہا ہے ، وہ جائیں تو کہاں جائیں ۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف اور وزیر داخلہ سے اپیل کی ہے کہ ان کی مدد کی جائے ۔ متاثرین کہتے ہیں پاکستانی سفارتخانے کے دو ارکان آئے تھے ۔ وہ یہ کہہ کر چلے گئے کہ دعا کریں ۔ متاثرین نے دنیا نیوز کی کوششوں کو سراہا اور احتجاج کے دوران ان کے حق میں نعرے بھی لگائے ۔ ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے دنیا نیوز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سعودی حکومت سے شہریوں کو جلد ریلیف فراہم کرنے کا کہا ہے ۔ سفارتخانے سے خود رابطہ کر کے موجودہ صورتحال کا جائزہ لیں گے ۔ دنیا نیوز نے اس معاملے کو سب سے پہلے اٹھایا جس پر اعلیٰ حکام نے نوٹس لیا لیکن ابھی تک کوئی ٹھوس اقدامات نہیں کئے گئے ۔ متاثرین کھلے آسمان تلے بے بسی کی تصویر بنے بیٹھے ہیں اور حکومتی مددکے منتظر ہیں ۔