خبرنامہ پاکستان

دنیامیں دہشتگردی اورانتہاپسندی کے رجحانات میں اضافہ ہورہاہے ،مولانا فضل الرحمن

نوشہرہ (ملت آن لائن + اے پی پی) جمعیت علماء اسلام (ف)کے سربراہ مولانافضل الرحمان نے کہا کہ دنیامیں دہشتگردی اورانتہاپسندی کے رجحانات میں اضافہ ہورہاہے،دنیا میں خاندانی نظام ،رشتوں اوراحترام کے اصول ٹوٹتے جارہے ہیں۔نوشہرہ میں جمعیت علمائے اسلام کے صد سالہ یوم تاسیس کے سلسلے میں منعقدہ عالمی اجتماع میں استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے مولانافضل الرحمان نے کہا کہ دنیا سے دہشتگردی اور بھوک و افلاس کا خاتمہ ضروری ہے عالمی سطح پر اقوام وممالک کے درمیان مسائل بڑھتے جارہے ہیں جس کا سبب الہامی احکامات سے دوری ہے۔انہوں نے کہاکہ غیرملکی ایجنڈے پرکام کرنے والی این جی اوزپرپابندی عائد کی جائے اورکرپشن کے خاتمہ کے لئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان کو معاشی خوشحالی اور ترقی حاصل ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پڑوسی ممالک سے تعلقات مزید بہتربنائے جائیں اورمسئلہ کشمیر سمیت تمام مسائل حل کرنے کیلئے جدوجہد کی جائے۔