خبرنامہ پاکستان

دنیا بھرمیں کشمیری آج یوم کشمیرمنارہے ہیں

مقبوضہ کشمیر :(اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں قابض انتظامیہ کے ظلم و ستم کے خلاف آج دنیا بھر میں کشمیری یوم کشمیر منا رہے ہیں، حریت رہنماؤں کی اپیل پر بعد نماز جمعہ مظاہرے اور احتجاجی مارچ شروع کئے جائیں گے ،مظاہرے روکنے کیلئے بھارتی فورسز نے وادی میں کرفیو نافذ کررکھا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف احتجاج کو دو ہفتوں سے زائد دن گزر گئے ، لیکن بھارتی جارحیت کشمیریوں میں آزادی کی آگ کو بجھا نہ سکی ، مہلک ہتھیاروں کے استعمال کے باوجود قابض انتظامیہ مظاہرے روکنے میں نہ کام ہوگئی ہے۔ وادی میں مکمل ہڑتال ہے ، انٹرنیٹ سروس معطل ہے ۔8 جولائی کو برہان وانی کی شہادت کے بعد سے اب تک ہونے والے مظاہروں میں 50 سے زائد افراد اپنی جانوں کا نذرانہ دے چکے ہیں،جبکہ بھارتی فورسز کے مہلک ہتھیاروں سے زخمی ہو کر سیکڑوں افراد اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔