خبرنامہ پاکستان

دنیا میں اسلام کے خلاف منصوبے کے تحت سازش کی جا رہی ہے ‘ چیئرمین سینٹ

نوشہرہ (ملت آن لائن + آئی این پی) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ دنیا میں اسلام کے خلاف منصوبے کے تحت سازش کی جا رہی ہے ‘ مغربی قوتیں مسلم ممالک میں ابتری پیدا کرنا چاہتی ہیں‘ مغربی قوتیں مسلم ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنا چاہتی ہیں ‘ بدقسمتی سے مغربی قوتیں سازش میں کامیاب ہو رہی ہیں ‘ شام میں مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے ‘ مسلم ممالک عالمی قوتوں کی سازش کو ناکام بنائیں۔ ہفتہ کو نوشہرہ میں جے یو ائی (ف) کی صد سالہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کے اندرونی و بیرونی حالات میں یہ اجتماع نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ دنیا میں اسلام کے خلاف ایک سوچی سمجھی سازش کی جا رہی ہے۔ اسلام کو بدنام اور دہشت گرد مذہب ثابت کیا جا رہا ہے۔ مغربی قوتیں مسلم ممالک میں ابتری پید اکر کے انہیں باہم دست و گریبان کرنا چاہتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مغربی قوتیں مسلم ممالک کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنا چاہتی ہیں ۔ بدقسمتی سے مغربی قوتیں سازش میں کامیاب ہو رہی ہیں۔ شام میں مسلمانوں کا قتل عام کیا جا رہا ہے۔ مسلم ممالک عالمی قوتوں کی سازش ناکام بنائیں۔