خبرنامہ پاکستان

دنیا کے تمام مذاہب محبت کا درس دیتے ہیں، ایاز

اسلام آباد: (ملت+آئی این پی) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بین ا لمذاہب ہم آہنگی کو فروغ دے کر ملک کو تر قی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جاسکتا ہے ۔وہ بدھ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے ملازمین کے اعزاز میں پارلیمنٹ ہاؤس میں دیئے جانے والے استقبالیے سے خطاب کررہے تھے ۔سپیکر نے کہا کہ دنیا کے تمام مذاہب ،امن ،محبت، برداشت اور انسانیت کے احترام کا درس دیتے ہیں۔انہوں نے ہم آہنگی کے فروغ اور امن کے قیام کے لیے مختلف مذاہب اورتہذیب کے مابین ڈائیلاگ کی ضرورت پر زور دیا ۔انہوں نے کہاایک بہتر مستقبل کے لیے ہمیں آپس کے اختلافات کو بھلا کر ایک دوسر ے کے دکھوں کو بانٹنا اور خوشیوں میں شر یک ہونا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ حضرت عیسیٰ علیہ سلام نہ صر ف مسیحی برادری کے پیغمبر ہیں بلکہ مسلمانوں کے لیے بھی اتنے ہی قابل احترام ہیں اوربحثیت مسلمان اللہ تعالی کے تمام نبیوں کو بر حق ماننا ہمارے ایمان کا لازمی جزو ہے ۔انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی علیہ سلام نے محبت ،بھائی چارے برداشت، عدم تشدد اور انسانیت کی خدمت کا درس دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی علیہ سلام کا یوم ولادت ہم سب کے لیے باعث مسر ت ہے۔سپیکر نے پاکستان میں رہنے والی مسیحی برادری کی حب الوطنی اور ملک کی تر قی و خوشحالی کے لیے ان کی خدمات کو سر اہا ۔انہوں نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملا زمت کرنے والے مسیحی برادری کے کام کی تعریف کی اورا نہیں کرسمس کی مبارک باددی ۔بعدازاں سپیکر نے پارلیمنٹ ہاوس میں کرسچن کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سینئر ملازم کے ہمراہ کرسمس کا کیک کاٹا اور ملک کی تر قی اور خوشحالی کے لیے دعا کی ۔تقریب میں مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والے اراکین پارلیمنٹ، سیکرٹری قومی اسمبلی اور قومی اسمبلی اور سینٹ سیکرٹریٹ کے اعلی افسران نے شر کت کی ۔