خبرنامہ پاکستان

دولت مشترکہ کےممالک دہشت گردی پرقابو پانےکیلئےملکرکام کریں:رضاربانی

اسلام آباد:(اے پی پی) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے دولت مشترکہ تنظیم کے رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ باہمی تعاون کو فروغ دیکر ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دہشت گردی ، غربت ، ناخواندگی اور دیگر مسائل پر قابو پانے کیلئے مل جل کر کوششیں کرنا ہونگی تاکہ ترقی و خوشحالی کے ثمرات عوام کو پہنچائے جاسکیں ۔ چیئرمین سینٹ نے ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہونے والی تین روزہ پارلیمانی سٹاف ڈویلپمنٹ ورکشاپ کے شرکاء اور سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ تنظیم اکبر خان کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس بین الاقوامی کانفرنس میں ایشیاء اور جنوب مشرقی ایشیاء بشمول سری لنکا ، آسٹریلیا، برطانیہ اور دیگر ممالک کے علاوہ پاکستان کی پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کے ریسورس پرسنز اور سٹاف نے شرکت کی جنہیں اہم امو رپر ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملا ۔اس تین روزہ ورکشاپ کا اہتمام سینٹ سیکرٹریٹ اور دولت مشترکہ پارلیمانی تنظیم ( سی پی اے ) نے مل کر کیا تھا۔چیئرمین سینٹ نے اپنے خطاب کے دوران اس بات پر زور دیا کہ ایشیائی عوام کو ایشیاء کی تقدیر بدلنے کے لئے آگے بڑھنا ہوگا تاکہ اس خطے کو اپنا جائز مقام دلوایا جاسکے ۔ میاں رضا ربانی نے کہاکہ اس وقت یہ خطہ مسائل سے دوچارہے اور دولت مشترکہ تنظیم ایک ایسا فورم ہے جہاں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مسائل کے حل کیلئے کوششیں کی جاسکتی ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ دور کے تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے یہ تنظیم خاصی اہمیت اختیار کرگئی ہے ۔انہوں نے اس بات کی طرف اشارہ کیا کہ ہماری اقدار مشترکہ ہیں اور تاریخی اعتبار سے کافی مماثلتیں پائی جاتی ہیں جن کی بنیاد پر ہم ان مقاصد کو آگے لے جاسکتے ہیں ۔ چیئرمین سینٹ نے نو منتخب سیکرٹری جنرل اکبر خان کی قائدانہ صلاحیتوں پر بھی بھرپور اعتماد کا اظہار کیا اور کہاکہ اُن کی قیادت میں تنظیم مزید بھرپور انداز میں کام کرے گی اور رکن ممالک کی پارلیمانو ں کو ایک دوسرے کے مزید قریب لایا جاسکے گا تاکہ ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ حاصل کیا جاسکے ۔چیئرمین سینٹ نے اس اہم ورکشاپ کے انعقاد پر دولت مشترکہ تنظیم اور سینٹ سیکرٹریٹ کو مبارک باد دی اور کہاکہ اس قسم کے اقدامات سے تبادلہ خیال کا موقع ملتا ہے اور اُمید ظاہر کی کہ کام کے معیار میں مزید بہتری آئے گی ۔اس موقع پر نومنتخب سیکرٹری جنرل دولت مشترکہ تنظیم اکبرخان نے بھی شرکاء سے خطاب کیا اور اس ورکشاپ کے انعقاد کو ایک اچھا اقدام قرار دیتے ہوئے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دیکر ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے ۔اُ نہوں نے بہترین انتظامات پر سینٹ سیکرٹریٹ کو مبارک باد دی اور چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی ، سیکرٹری سینٹ امجد پرویز ملک اور دیگر شرکاء کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ سیکرٹری جنرل سی پی اے نے اپنے اس دورے کو انتہائی خوشگوار قرار دیا۔ انہوں نے پاکستان کی پارلیمنٹ کے کمیٹی نظام کو موثر قرار دیتے ہوئے اس کی تعریف بھی کی۔ عشائیہ میں ورکشاپ کے شرکاء ، قومی اسمبلی ، سینٹ کے اعلیٰ حکام اور دیگر نے بھی شرکت کی۔