خبرنامہ پاکستان

دو ماہ انتہائی اہم ہیں، پنجاب میں ہماری حکومت ہوگی: رانا مشہود کا دعویٰ

لاہور: مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا مشہود نے دعویٰ کیا ہے کہ آئندہ 2 ماہ بہت اہم ہیں اور پنجاب میں ہماری حکومت ہوگی۔

رانا مشہود نے حکومت کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح پی ٹی آئی کو اکثریت دی گئی یہ ساری دنیا کو پتہ ہے اور اب یہ سوچ پیدا ہورہی ہے کہ یہ لوگ ڈلیورنہیں کر پائے اور یہ بھی احساس ہورہا ہے کہ انتخابات میں جو ہوا غلط ہوا۔

رانا مشہود نے کہا کہ پنجاب میں تحریک انصاف کے پاس معمولی اکثریت ہے اور جن لوگوں نے اکثریت دی ان سے بات ہوتی رہتی ہے، وہ پرانے دوست اور ساتھی ہیں اور اب وہاں چینج آف ہارٹ (دلوں کی تبدیلی) دیکھنے میں آرہی ہے۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ انہیں سمجھ آگئی ہے کہ شہباز شریف ہی بہتر چوائس تھے، الیکشن میں جیتنے والی جماعت کو گھوڑا سمجھا گیا لیکن وہ خچر نکلی۔

رانا مشہود کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ان حالات میں وزیراعظم ہوتے تو بہت بہتر پرفارم کرتے، انہوں نے ہمیشہ اداروں کو ساتھ لے کر چلنے کی بات کی ہے۔

رانا مشہود نے اداروں سے ڈیل سے متعلق اپنے حالیہ انٹرویو کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ کسی ڈیل کی کوئی بات نہیں ہوئی، یہ ہمارے ادارے ہیں ان کے ساتھ بیٹھنے میں کوئی قباحت نہیں، اداروں کے درمیان جو گفتگو ہوتی ہے اس کی بنیاد پر بات کر رہا ہوں کہ پنجاب میں ہماری حکومت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ 2 ڈھائی ماہ بہت اہم ہیں اسی دوران ضمنی انتخابات بھی ہونے ہیں، عدالت یا عوام کے ذریعے موجودہ حکومت کا خاتمہ ہونا ہے۔

رانا مشہود نے تحریک انصاف کی قیادت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ‘یہ لوگ جھوٹ بولتے رہے کہ ان کے پاس ماہر لوگ ہیں لیکن جہانگیرترین کے لیے کھاد اور چینی کو مہنگا کر دیا گیا، پیٹرول و گیس بھی مہنگی کردی گئی’۔

رہنما (ن) لیگ نے کہا کہ پنجاب میں آزاد امیدواروں سے جو وعدے کیے گئے وہ وفا نہیں ہوئے اور وہ اپنے حلقوں میں منہ دکھانے کے قابل نہیں رہے۔