خبرنامہ پاکستان

دو یوم تاسیس ، کامران ٹیسوری پارٹی تقسیم کا باعث ہے، خالد مقبول صدیقی

دو یوم تاسیس ، کامران ٹیسوری پارٹی تقسیم کا باعث ہے، خالد مقبول صدیقی

کراچی:(ملت آن لائن) ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینئر ڈاکٹرخالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ کامران ٹیسوری متنازع ہوکر تنظیم کی تقسیم کا باعث بن رہا ہے، دو دو یوم تاسیس منائے جارہے ہیں، تاریخ کسی کو تو گناہ گار ٹھہرائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشتر پارک کراچی میں ایم کیو ایم کے 34 ویں یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ مجھے قیادت کرنے کی کوئی خواہش نہیں ہے، میں پارٹی کے قیادت کے لائق بھی نہیں ہوں.
انہہوں نے کہا کہ آج بھی فاروق ستار بھائی سے کہتا ہوں کہ میری کنوینر شپ امانت ہے مجھ سے لے جائیں، تنظیم ابھی کہہ دے تو کنوینر شپ چھوڑ کر پچھلی صف میں بیٹھ جاؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ کامران ٹیسوری متنازع ہوچکا ہے اور تنظیم کی تقسیم کا باعث بن رہا ہے، میں نے فاروق ستار سے کہا تھا کہ کامران ٹیسوری میں اور آپ عہدے چھوڑ دیتے ہیں، فاروق ستار مجھے بھی موقع دیں درجن ٹیسوری میں بھی ڈھونڈ لوں گا۔ انہوں نے کہا کہ کیا میں آج تک اپنے کسی دوست کو رابطہ کمیٹی میں لایا؟ کسی دوست یارشتے دار کو داخلے تک نہیں دلائے، نہ ہی کسی کو چپڑاسی کی نوکری دلائی،آج پارٹی کے دو دو یوم تاسیس منائے جارہے ہیں، تاریخ کسی کو تو گناہ گارٹھہرائے گی؟ آج تنظیم تقسیم ہورہی ہے یہاں کارکنان ہیں وہاں امیدوار بیٹھے ہیں۔ خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن میں امیدوار معیار کے مطابق لایا جائے گا، ٹکٹ دینے کا اختیار رابطہ کمیٹی کے پاس ہے کسی فرد کے پاس نہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ ایم کیوایم پاکستان کبھی تبدیل نہیں ہوگی، حکمران جان گئے ہیں کہ مہاجروں کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، ہم مہاجروں کےصوبے کا مطالبہ نہیں کررہے مگر اس سے دستبردار بھی نہیں ہیں، مہاجروں کا نعرہ ہے متروکہ سندھ ہمارا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگ یہاں جان بچا کر نہیں آئے تھے، ہم آئے تو ہی یہ خطہ پاکستان بنا۔ پاکستان بنا تو سندھ کے 25فیصد شہروں میں ہندوؤں کی اکثریت تھی۔ خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ پاکستان کی بقاء اور سلامتی جمہوریت میں ہے، مردم شماری میں کی جانیوالی دھاندلی کو مسترد کرتے ہیں، جبری طور پر لاپتہ ایم کیوایم کے کارکنان کو رہا کیاجائے۔ سندھ کے شہری علاقوں کیلئے فنڈز فراہم کئےجائیں، کراچی سمیت سندھ کے دیگر شہروں کی حالت بہتر بنائی جائے، اداروں کی نجکاری کے نام پر مزدوروں کا استحصال بند کیاجائے۔
فاروق بھائی نے تقسیم کی بات کی جو قابل قبول نہیں، عامر خان
یوم تاسیس کی تقریب سے ایم کیوایم بہادرآباد کے رہنما عامر خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فاروق ستار بھائی نے پارٹی کو تقسیم کرنے کی شرط رکھی جو قابل قبول نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے فاروق ستار بھائی کی سب شرطیں مان لیں تھیں جب مزید بات کرنے جاتے تو ہر بار نئی شرائط سامنے رکھ دیتے،۔ اب وہ رابطہ کمیٹی کو ختم کرنے کی بات کر رہے ہیں۔