خبرنامہ پاکستان

دھرنے کے گرفتار کارکنوں کو انصاف نہ ملا تو احتجاج کریں گے :عمران خان

اسلام آباد: (آن لائن)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کہتے ہیں دھاندلی کی تحقیقات کیلئے دھرنا دینے والے گرفتار کارکنان جمہوریت کے ہیرو ہیں ، بیس ماہ سے مقدمہ زیر التواء رکھنا ظلم ہے ، انصاف فراہم کیا جائے ، یہی روش جاری رہی تو پھر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان پارلیمنٹ ، پی ٹی وی حملہ کیس میں نامزد کارکنان سے اظہار یکجہتی کیلئے اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی عدالت پہنچ گئے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دھاندلی پر الیکشن کمیشن ، عدالتوں نے انصاف نہیں دیا ، جس کے بعد تحریک انصاف نے پر امن احتجاج کا راستہ اپنایا ، دھرنا دینے والے گرفتار کارکن جمہوریت کے ہیرو ہیں ۔ عمران خان نے کہا کہ کارکنوں کیخلاف دہشتگردی کے مقدمات قائم کرنا ظلم ہے ، بیس ماہ سے زیرالتواء مقدمہ میں غریب ، محنت کش کارکنان ملک کے مختلف حصوں سے پیشی کیلئے آتے ہیں ، عدالت سے درخواست ہے کہ کارکنوں کو انصاف فراہم کرتے ہوئے مقدمہ ختم کیا جائے ۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اگر ہمارے ساتھ ایسے ہی ہوتا رہا تو ہم پھر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔ مقدمے میں نامزد ہونے پر ضمانت کروانے سے متعلق سوال پر عمران خان نے کہا کہ کیا میں نے پیسہ چوری اور دھاندلی کی ہے ؟ یا لوگوں کا مینڈیٹ چرایا ہے سرمایہ بیرون ملک رکھنے والے دندناتے پھر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس کے بعد بھارت ، آسٹریلیا سمیت دیگر ممالک نے تحقیقات شروع کر دی ہیں ، ہمارا ملکی قانون پاناما لیکس کی دستاویزات میں شامل افراد کو کٹہرے میں لائے گا جس کے بعد عمران خان عدالت پیش ہوئے بغیر ہی واپس چلے گئے ۔