خبرنامہ پاکستان

دھند کا سلسلہ جاری رہے گا، محکمہ موسمیات

دھند کا سلسلہ جاری رہے گا، محکمہ موسمیات
اسلام آباد: (ملت آن لائن) آئندہ ہفتے کے دوران ملک کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں کمی اور متوقع بارش کے بعد سموگ بتدریج کم ہو کر ختم ہوجائے گی جبکہ دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے بھی پنجاب، پشاور، ڈی آئی خان اور سکھر ڈویژن میں دھند/سموگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔ رواں ماہ کے دوران ملک کے زیادہ تر حصوں میں معمول سے کم بارشوں کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔ نومبر میں ملک کے بالائی علاقوں میں ہلکی سے معتدل بارش کے ایک یا دو سلسلے ہو سکتے ہیں۔ بارش اور درجہ حرارت میں کمی کے باعث سموگ کی شدت بتدریج کم ہو جائے گی تاہم خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ کے میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک ر ہے گا جبکہ پنجاب میں شدید دھند/سموگ جبکہ پشاور، ڈی آئی خان اورسکھر ڈویژن میں رات اور صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔ آئندہ 48گھنٹوں کے دوران موسم اور دھند کی موجودہ صورتحال برقرار رہے گی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک ر ہا جبکہ پنجاب کے بیشتر میدانی علاقے دھند کی لیپٹ میں رہے۔ اس دوران ملک میں سب سے زیادہ سردی سکردو میں پڑی جہاں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ گلگت اور کوئٹہ میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔