خبرنامہ پاکستان

دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے اس کے اسباب کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات اٹھائے جائیں:خورشید شاہ

اسلام آباد:(اے پی پی)قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے سانحہ لاہور کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کو جڑ سے اکھاڑنے کیلئے اس کے اسباب کو مدنظر رکھتے ہوئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس اندوھناک سانحہ سے انہیں گہرا صدمہ پہنچا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں اور اس لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم برسوں سے دہشتگردی کی لپیٹ میں ہیں اور امن کی شدید خواہش کے باوجود اس ناسور سے ابھی چھٹکارا حاصل نہیں کرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کی سفاکی ، بے رحمی ، اور درندگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے معصوم بچوں کی جان لینے سے بھی دریغ نہیں کیا۔ انہوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے بھی دعا کی۔