کابل / واشنگٹن: (اے پی پی) افغانستان میں امریکی فوج کی کمانڈسے سبکدوش ہونے والے جنرل جون کیمبل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نے گزشتہ سال دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اہم اقدامات کیے، دہشت گردوں کے خلاف آپریشن جنرل راحیل شریف کا جرأت مندانہ اقدام ہے، آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے بڑی تعداد میں شدت پسند بھاگ کر افغانستان آگئے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن میں آرمڈ سروسزکمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے جنرل جون کیمبل نے کہا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف بہت جرأت مند اور دلیر ہیں جن کی بدولت فوجی آپریشن میں یہ اقدامات کیے گئے، جنرل کیمبل نے کمیٹی کو بتایا کہ پاکستان اور افغانستان مل کر کام کر رہے ہیں۔ دونوں ملکوں کی افواج کے درمیان مشترکہ دشمن سے نمٹنے پر بات چیت ہوتی ہے. امریکی کمانڈر نے کہا کہ انھوں نے دونوں افواج کے درمیان تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے کیونکہ پاکستان اور افغانستان میں ایسی بہت جگہ ہے جس پر حکومتوں کی عمل داری نہیں ہے، یہ برسوں سے مسئلہ رہا ہے، اس کا ایک ہی راستہ ہے کہ ہم دشمن سے لڑنے کیلیے افغان فورسز کی صلاحیت میں اضافہ کریں، انھوں نے کہا کہ افغانستان میں امن کے قیام کیلیے امریکا کو طویل عرصے تک افغان سیکیورٹی فورسزکی مدد کرنا ہوگی۔