خبرنامہ پاکستان

دہشت گردوں کے نظریئے کو ہر صورت شکست دیں گے، وزیراعظم

اسلام آباد:(اے پی پی) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کوئٹہ دھماکے کے بعد پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ آگے بڑھیں گے اور دہشت گردوں کے نظریئے کو ہر صورت شکست دیں گے۔سانحہ کوئٹہ کے بعد قومی اسمبلی اجلاس میں پالیسی بیان جاری كرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف نے كہا كہ آج میں غم زدہ كیفیت میں ایوان سے مخاطب ہوں، اپنے پیاروں كی شہادت كا دكھ ہوا ہے، كوئٹہ میں دہشت گردی كے واقعہ نے قوم كو ایك بار پھر سوگوار كرگیا ہے جب كہ ہم نے دہشت گردی كوختم كرنے كاعزم كیا ہوا ہے، ہم اب زیادہ طاقت كے ساتھ آگے بڑھیں گے اورملك سے دہشت گردی كا قلع قمع كركے دم لیں گے، اسی نظریئے نے بے نظیر بھٹو كو شہید كیا، سانخہ صفورہ، ہزارہ برادری، اقلیتی برادری اور آرمی پبلك اسكول پشاوركے معصوم بچوں كونشانہ بنایا گیا، اسی طرح ملك میں ممتاز شخصیات اور اقلیتی برادری سے تعلق ركھنے والے افراد كو بھی شہید كیا گیا، ہم ہرقیمت پراس نظریے كوشكست دیں گے۔ وزیراعظم نے كہا كہ كوئٹہ كا واقعہ ایك منصوبے كے تحت كیا گیا اس كے پیچھے مكروہ ذہن كارفرما ہے، اس واقعہ میں وكلا، سول سوسائٹی اور میڈیا كے افراد كو نشانہ بنایا گیا، ہمارے دشمن بلوچستان كو پھلتا پھولتا نہیں دیكھنا چاہتے ہیں یہ ہماری ترقی اور ملك میں امن وامان كی موجودہ صورتحال كونہیں دیكھ سكتے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں متحد ہو كران كا مقابلہ كرنا ہوگا، ہمارااتحاد ہی اسے ناكام بنائے گا، ہم دہشت گردوں كو كامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ان كا قلع قمع كرنے بیٹھیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ نیشنل ایكشن پلان كوہرقیمت پرمكمل كیا جائے گا، ملك كے انٹیلی جنس ادارے دن رات ملك كومحفوظ بنانے كے لیے اقدامات كررہے ہیں، ہمارے ادارے اورایجنسیاں تندہی سے كام كررہی ہیں، آج كا پاكستان كل كے پاكستان سے زیادہ محفوظ ہے، حكومت، قومی سلامتی كے ادارے اورعوام دہشت گردی كے خلاف متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قبائلی علاقہ جات میں جاری آپریشن ضرب عضب كامیابی سے جاری ہے، اس آپریشن كو پورا كیاجائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاكستان ترقی كی طرف گامزن ہے، پاك چائنہ اكنامك منصوبے كے تحت ملك كا مستقبل روشن ہورہا ہے جودشمن كو پسند نہیں ہے، پاكستان كی عوام كو بتانا چاہتا ہوں كہ پاكستان كے ادارے اور ایجنسیاں دن رات محنت كرتے ہوئے دہشت گردوں كے عزائم كو ختم كرنے میں مصروف ہیں ،پاكستان عوام سیاسی جماعتیں دشمن كے مقابلے میں متحد ہیں اور متحد رہیں گی۔ مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھا کہ كشمیركی صورتحال پر خاموش نہیں رہاجاسكتا، اس حوالے سے دنیا بھر میں آگاہی دی جارہی ہے۔