خبرنامہ پاکستان

دہشت گردی کے خلاف آپریشن عوام کے بھرپور تعاون سے ہی کامیاب ہوسکتا ہے:آفتاب شیرپاؤ

اسلام آباد (آئی این پی) قومی وطن پارٹی کے سربراہ آفتاب احمد شیرپاؤ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف آپریشن عوام کے بھرپور تعاون سے ہی کامیاب ہوسکتا ہے‘ عوام کو متحرک کرکے ملک کے امن کے لئے سیاسی جماعتوں کو کردار ادا کرنا چاہئے‘ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پاکستان میں مداخلت کے حوالے سے حکومت اور پارلیمنٹ کو کردار ادا کرنا چاہئے‘ نواز شریف کو لندن کے دورہ سے کوئی سیاسی فائدہ نہیں پہنچے گا‘ پانامہ لیکس پر اپوزیشن کی جماعتیں اکٹھی ہوگئیں تو حکومت پر بڑا دباؤ آگے گا۔ بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں دہشت گردی کے خلاف آپریشن تب ہی کامیاب ہوسکتا ہے جب عوام مکمل تعاون کریں عوام کو اس حوالے سے متحرک کرنے کے لئے سیاسی جماعتوں کو کردار ادا کرنا چاہئے تاکہ ملک میں امن آسکے۔ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی پاکستان میں مداخلت اور عدم استحکام کے خلاف حکومت اور پارلیمنٹ کو کردار ادا کرنا چاہئے۔ آئی ایس آئی بڑا ادارہ ہے اس کے پاس مکمل ثبوت موجود ہیں اس طرح کی سرگرمیاں اگر روکی نہ گئیں تو پھر دہشت گردی کا خاتمہ ممکن نہیں ہے۔ نواز شریف کو موجودہ حالات میں لندن کے دورے سے سیاسی فائدہ نہیں ہوگا میڈیکل چیک اپ کرانا تھا تو اس سے قبل بھی کئی دفعہ لندن دورے کئے ہیں اس دوران چیک اپ کرالیتے۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس سنجیدہ مسئلہ ہے اور وزیراعظم اور حکومت پر دباؤ میں اضافہ ہورہا ہے پانامہ لیکس کے حوالے سے اپوزیشن کی تمام جماعتیں اکٹھی ہوگئیں تو حکومت پر بڑا دباؤ آئے گا۔ (ن غ/ و خ)