خبرنامہ پاکستان

دیامر بھاشا ڈیم منصوبے پر 2017ء میں کام شروع کیا جائے گا: عابد

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کی اولین کوشش ہے کہ سستی بجلی پیدا کی جائے‘ اس سلسلے میں عملی طور پر حکومت نے دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لئے پیشرفت کی ہے‘ اس منصوبے پر 2017ء میں کام شروع کیا جائے گا‘ حکومت سستی بجلی پیدا کرنے کے تمام غیر متنازعہ پن بجلی کے منصوبوں پر کام مکمل کرے گی۔ جمعہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی نے قومی اسمبلی کو بتایا کہ ہماری کوشش ہے کہ بجلی کی پیداواری لاگت کم کرکے سستی بجلی فراہم کریں۔ سستی بجلی پیدا کرنے کے جن منصوبوں پر کام جاری ہے ان کی تکمیل کے بعد بجلی کی قیمتیں مزید کم ہونگی۔ عائشہ سید کے سوال کے جواب میں عابد شیر علی نے کہا کہ 2017ء میں دیامر بھاشا ڈیم پر کام شروع کیا جائے گا۔ پرویز مشرف سمیت ماضی میں حکومتوں نے صرف نام کی تختیاں لگانے پر اکتفا کیا۔ ہم نے عملی طور پر اس منصوبے پر پیشرفت کی ہے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دریا کے بہاؤ پر 50 میگاواٹ واٹ تک بجلی صوبے خود بھی بنا سکتے ہیں۔ حکومت بڑے منصوبوں پر کام کر رہی ہے۔ غیر متنازعہ منصوبوں پر کام جاری ہے۔ دیامر بھاشا ڈیم ملک کی کافی حد تک ضروریات پوری کرے گا۔