خبرنامہ پاکستان

دیہی علاقوں کے لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے: شیخ آفتاب

اسلام آباد (ملت + اے پی پی) وفاقی وزیر پارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت پنجاب اور بلوچستان کی جانب سے شراکت کا جواب آگیا ہے‘ اس پروگرام کے تحت دیہی علاقوں کے لوگوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے‘ یہ ایک کمیونٹی بیسڈ پروگرام ہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران سراج محمد خان کے سوال کے جواب میں شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ ایس ڈی جیز پروگرام کے تحت دیہی علاقوں میں لوگوں کو بنیادی سہولیات دی جارہی ہیں۔ یہ کمیونٹی پروگرام کے لئے 15 لوگ اپنی سکیم ارسال کرتے ہیں تو اس پر کام کیا جاتا ہے۔ ہم نے تمام صوبوں کو خط لکھے تھے کہ جتنا پیسہ وفاق اس پروگرام کے لئے دیتا ہے اتنا ہی حصہ صوبے بھی ڈالیں۔ پنجاب اور بلوچستان سے جواب آگیا ہے۔ سندھ اور کے پی کے سے جواب کا انتظار ہے۔ اس پروگرام کے تحت بجلی‘ گیس و قدرتی وسائل‘ سماجی شعبہ‘ میونسپل سیکٹر‘ بنیادی ڈھانچہ کے شعبہ میں کام کیا جاتا ہے اس پر عملدرآمد کمشنر کرتے ہیں۔ثریا جتوئی کے سوال کے جواب میں شیخ آفتاب احمد نے بتایا کہ موجودہ حکومت کے عرصہ کے دوران اراکین قومی اسمبلی کو حلقہ وار کوئی فنڈز جاری نہیں کئے گئے۔